اسلام آباد (اے ون نیوز) توشہ خانہ کیس میں عدالت نے چیئرمین تحریک انصاف کے وکیل کو تنبیہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے آج گواہان کی لسٹ فراہم نہ کی تو آپ کا حق ختم کر دیں گے۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے خلاف توشہ خانہ کیس کی سماعت اسلام آباد کی سیشن کورٹ میں ہوئی، سماعت ایڈیشنل سیشن جج ہمایوں دلاور نے کی۔
الیکشن کمیشن کے وکیل سعد حسن اور چیئرمین تحریک انصاف کی جانب سے خالد یوسف عدالت پیش ہوئے۔ عمران خان کے وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ وکیل خواجہ حارث سپریم کورٹ میں مصروف ہیں، 12 بجے تک وقت دے دیں۔
الیکشن کمیشن کے وکیل سعد حسن نے عدالت کو آگاہ کیا کہ آج عمران خان کی جانب سے گواہان کی لسٹ فراہم کی جانی تھی۔ عدالت نے عمران خان کے وکیل خالد یوسف کو تنبیہ کی کہ گواہان کی لسٹ آج فراہم نہ کی گئی تو آپ کا حق ختم کر دیں گے اور کیس کی سماعت میں 12 بجے دوپہر تک وقفہ کر دیا۔