نیو یارک(اے ون نیوز)ورلڈ آف اسٹیٹسکس نامی ادارے نے دنیا کی بڑی سیاسی جماعتوں کی فہرست شائع کی ہے جس میں پی ٹی آئی 10بڑی جماعتوں کی فہرست میں شامل ہے جس میں پاکستان کی صرف ایک سیاسی جماعت پی ٹی آئی کا نام شامل ہے اور وہ اس فہرست میں دسویں نمبر پر ہے۔
ورلڈ آف اسٹیٹکس کی جانب سے یہ درجہ بندی سیاسی جماعتوں کے رجسٹرڈ کارکنوں کی تعداد کی بنیاد پر کی گئی ہے اور سر فہرست 10سیاسی جماعتوں میں 4کا تعلق بھارت، 2کا تعلق امریکا سے ہے جب کہ چین، پاکستان، ترکیہ اور ایتھوپیا کی ایک ایک سیاسی جماعت شامل ہے،جاری کردہ فہرست کے مطابق دنیا کی سب سے بڑی سیاسی جماعت پڑوسی ملک کی حکمراں جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی ہے جس کے کارکنوں کی تعداد 180ملین ہے جب کہ دنیا کی دوسری بڑی سیاسی جماعت چین کی چائنا کمیونسٹ پارٹی ہے جس کے پارٹی کارکنوں کی تعداد 98.04ملین ہے۔
اس فہرست میں تیسرے نمبر پر بھی بھارت کی سب سے بڑی اپوزیشن جماعت انڈین نیشنل کانگریس براجمان ہے جس کے کارکنوں کی تعداد 50ملین ہے،امریکا کی موجودہ حکمراں جماعت ڈیموکریٹک پارٹی دنیا کی چوتھی بڑی سیاسی جماعت ہے جس کے کارکنوں کی تعداد 47.13ملین جب کہ سابق امریکی صدر ٹرمپ کی جماعت ری پبلیکن پارٹی 36.01ملین پارٹی کارکنوں کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہے،بھارتی ریاست تامل ناڈو کی جماعت آل انڈیا انا دراوڈا منیٹرا کژاگم اس فہرست میں چھٹے نمبر پر ہے جس کے پارٹی ورکرز 16 ملین ہیں۔
ترکی کی حکمراں جماعت اے کے پارٹی 11.24ملین پارٹی ورکرز کے ساتھ دنیا کی ساتویں بڑی جماعت ہے،افریقی ملک ایتھوپیا میں 2019میں تشکیل دی گئی پراسپیرٹی پارٹی(خوشحالی پارٹی)اپنے عوامی منشور کے باعث اتنی مقبولیت حاصل کرچکی ہے کہ چار سال میں 11ملین پارٹی کارکنوں کے ساتھ یہ دنیا کی آٹھویں بڑی سیاسی جماعت بن گئی ہے،نویں نمبر پر بھارتی دارالحکومت دہلی کی ریاستی حکمراں جماعت عام آدمی پارٹی ہے جس کے پارٹی کارکنان کی تعداد 10.5ملین ہے جب کہ دسویں نمبر پر پاکستان کی سیاسی جماعت پاکستان تحریک انصاف ہے جس کے کارکنوں کی تعداد 10ملین ہے۔