پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے انتخابی نشان بلےکے حوالے سے پشاور ہائی کورٹ کے فیصلےکے خلاف درخواست کی جلد سماعت کے لیے سپریم کورٹ میں متفرق درخواست دائر کردی۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہےکہ پشاور ہائی کورٹ کے فیصلےکے خلاف درخواست پر پیرکو سماعت کی جائے۔
درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہےکہ ایک اہم معاملہ ہونےکی وجہ سے سماعت جلد ہونی چاہیے۔
خیال رہےکہ 4 جنوری کو پاکستان تحریک انصاف نے پشاور ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف بلے کے انتخابی نشان کے حصول کے لیے سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا۔
تحریک انصاف نے پشاور ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں دائر اپیل میں موقف اختیار کیا کہ الیکشن کمیشن کی درخواست قابل سماعت ہی نہیں تھی، الیکشن کمیشن اس معاملے میں فریق نہیں بن سکتا۔
درخواست میں کہا گیا کہ دیگر سیاسی جماعتوں کے برعکس پی ٹی آئی کے خلاف امتیازی سلوک کیا جا رہا ہے، الیکشن کمیشن نے بلے کا انتخابی نشان واپس لیتے وقت شواہد کو مدنظر نہیں رکھا جب کہ پشاور ہائی کورٹ کے جج نے قانون کی غلط تشریح کی جس کے باعث ناانصافی ہوئی۔
پی ٹی آئی کی جانب سے اپنی درخواست میں پشاور ہائی کورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دیکر بلےکا انتخابی نشان الاٹ کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔