اسلام آباد (اے ون نیوز) خصوصی کمیٹی نے سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کے صاحبزادے نجم ثاقب کی مبینہ آڈیو لیک کے معاملے پر تحقیقات ایف آئی اے سے کروانے کیلئے وزارت داخلہ کو خط لکھنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کے بیٹے نجم ثاقب کی مبینہ آڈیو لیک کے معاملے پر سپیکر قومی اسمبلی کی قائم کردہ خصوصی کمیٹی کا اجلاس رکن اسمبلی اسلم بھوتانی کی سربراہی میں ہوا۔
اجلاس میں چیئرمن کمیٹی اسلم بھوتانی نے کہا کہ کمیٹی ایوان کی کارروائی سپریم کورٹ کو دینے سے متعلق فیصلے کرکے ایوان کو آگاہ کرے گی اور سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کے صاحبزادے نجم نثار کی آڈیو لیک کے معاملے کی تحقیقات کرے گی، قومی اسمبلی کی خصوصی کمیٹی نے ایف آئی اے سے 10 روز میں رپورٹ طلب کرلی ہے۔
خصوصی کمیٹی نے نجم ثاقب کو کمیٹی میں طلب کرنے کا فیصلہ بھی کیا ہے، اس سلسلے میں اسلم بھوتانی نے کہا کہ نجم ثاقب اور ٹکٹ ہولڈر کمیٹی میں آکر معاملے پر مؤقف دے سکتے ہیں، اجلاس میں نجم ثاقب اور ٹکٹ ہولڈر کو کمیٹی میں طلب کرنے پر ممبران تقسیم نظر آئے جس کے بعد نجم ثاقب و ٹکٹ ہولڈر کی طلبی کے معاملے پر خصوصی کمیٹی کا ان کیمرہ اجلاس جمعہ کو طلب کرلیا گیا۔
چیئرمین کمیٹی کا مزید کہنا تھا کہ ہم کسی ادارے یا شخص کے خلاف نہیں، خرید و فرخت کے خلاف ہیں، تحقیقات سے انصاف کے تقاضے پورے ہوں گے، علاوہ ازیں کمیٹی نے رجسٹرار سپریم کورٹ کو طلب کرنے کے معاملے کو بھی مؤخر کرتے ہوئے وزارت قانون کی رائے سے مشروط کر دیا۔