
لاہور(کر ائم رپو رٹر)پولیس نے معروف پاکستانی ٹک ٹاکرز ذوالقرنین چوہدری، ریحان ملک اور طیب بٹ کو گرفتار کرکے ان کے خلاف مقدمات درج کرلئے، کارروائی میں مجموعی طور پر 7افراد کو گرفتار کیا گیا۔
پولیس نے ٹک ٹاکرز کو الگ الگ مقدمات میں گرفتار کیا۔ پولیس کے مطابق ذوالقرنین کو اسلحے کی نمائش کرنے پر 3 افراد سمیت گرفتار کیا گیا ہے، تینوں افراد کے خلاف ضلع گوجرانوالہ کے تھانہ سبزی منڈی ایف آئی آر درج کی گئی۔ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ پولیس کو جی ٹی روڈ کنگنی والا کے قریب ایک مارکی میں کچھ افراد کی جانب سے اسلحے کی نمائش کرنے کی اطلاع ملی، جس پر پولیس نے بروقت کارروائی کی۔
ایف آئی آر کے مطابق، پولیس مذکورہ مارکی پر پہنچی تو ملزمان اسلحے کی نمائش کررہے تھے۔ پولیس نے امجد خان اور وقاص رحمان سے اسلحہ معہ گولیاں و میگزین برآمد کرکے انہیں موقع پر گرفتار کرلیا۔
ایف آئی آر کے مطابق ملزمان کے پاس برآمد کیے گئے اسلحے سے متعلق کوئی اجازت نامہ اور لائسنس نہیں تھا جبکہ ملزم امجد خان نے پولیس کو بتایا کہ وہ ٹک ٹاکر ذوالقرنین کا باڈی گارڈ ہے۔
پولیس نے دیگر 2 ملزمان کے ہمراہ ٹک ٹاکر ذوالقرنین کو بھی بھی ناجائز اسلحہ رکھنے اور اس کی نمائش کرانے کے الزام میں گرفتار کرلیا۔
دوسری جانب ضلع گوجرانوالہ کے تھانہ لدھے والا وڑائچ پولیس نے ٹک ٹاکرز ریحام ملک اور طیب بٹ کو بھی ناجائز اسلحہ رکھنے اور اس کی نمائش کرنے پر گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا۔ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ ملزمان لدھیوالہ وڑائچ میں نجی ریسٹورنٹ پر منعقدہ ایک تقریب میں شریک تھے، اطلاع ملنے پر چھاپہ مارا گیا اور ملزمان کو ناجائز اسلحے کی نمائش کرتے ہوئے پکڑا گیا۔
پولیس نے ریحان ملک اور طیب بٹ سمیت 4 ملزمان کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا ہے۔ دیگر 2 ملزمان میں محمد خبیب اور علی حیدر شامل ہیں۔