نئی دہلی(اے ون نیوز)بھارت میں 2 بچوں کے باپ کو مبینہ طور پر غیر ازدواجی تعلق کی بنا پر آشنا کے ساتھ بجلی کے کھمبے سے باندھ کر سرعام تشدد کا نشانہ بنایا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق تریپورہ کے ٹاؤن بیلونیا میں2 بچوں کے باپ اور 20 سالہ لڑکی کو غیر ازدواجی تعلقات رکھنے کے الزام میں سرعام تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔
سوشل میڈیا پر اس واقعے کی ویڈیو بھی سامنے آئی ہے جس میں مرد اور ایک لڑکی کو بجلی کے کھمبے سے بندھے دیکھا جاسکتا ہے جبکہ ادھیڑ عمر خاتون کھمبے سے بندھی لڑکی کے بال کھینچ کھینچ کر اسے مارتے دیکھی گئی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی شخص اور اس کی آشنا کو سرعام ایک بزرگ کی جانب سے بھی بے عزت کیا گیا آس پاس موجود لوگ واقعے دیکھتے رہے لیکن کسی نے جوڑے کی مدد نہیں کی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق واقعے کی اطلاع پولیس کو دی گئی جس کے بعد پولیس نےموقع پر پہنچ کر متاثرین کو بچالیا دوسری جانب متاثرہ مرد اور لڑکی کی جانب سے کسی قسم کی شکایت درج نہیں کرائی گئی۔
البتہ پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرکے علاقہ مکینوں کیخلاف تفتیش شروع کردی ہے۔