اہم خبریںپاکستانتازہ ترینسندھ

مصطفیٰ قتل کیس،مقتول کی قبرکشائی ، لاش زیادہ جلنے سے وجہ موت کا تعین نہیں ہوسکے گا، پولیس سرجن

کراچی(اے ون نیوز )دوست کے ہاتھوں اغوا کے بعد قتل کئے جانے والے نوجوان مصطفیٰ عامر کی قبر کشائی کے بعد نمونے حاصل کرلئے گئے۔

اے ون ٹی وی کے مطابق مصطفیٰ عامر قتل کیس میں عدالتی احکامات کے بعد ڈاکٹر سمیہ سید کی سربراہی اور مجسٹریٹ کی زیر نگرانی مصطفیٰ عامر کی قبر کشائی کی گئی اور نمونے حاصل کئے گئے۔مصطفیٰ عامر کی قبر کشائی کے لئے تین رکنی میڈیکل بورڈ تشکیل دیا گیا تھا، قبر کشائی کے موقع پر جوڈیشل مجسٹریٹ، پولیس سرجن اور اے وی سی سی حکام بھی موجود تھے جبکہ نمونے حاصل کرنےکے بعد لاش کو سرد خانے منتقل کردیا گیا ہے۔

تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ ڈی این اے رپورٹ کے بعد لاش کو لواحقین کے حوالے کیا جائے گا۔اس سلسلے میں پولیس سرجن ڈاکٹر سمیہ سید نے بتایا کہ ڈی این اے کے لئے نمونے لے لئے گئے ہیں، لاش بہت زیادہ جلی ہوئی ہے اس لئے وجہ موت کا تعین نہیں ہوسکے گا، نمونے لینے کے لئے بھی بہت زیادہ مشکل ہوئی تاہم 3 سے 7 دن میں ڈی این اے کی رپورٹ آجائے گی۔

دوسری جانب مصطفیٰ عامر کے نمونے لینے کے بعد لاش ایدھی حکام کے حوالے کردی گئی اور جوڈیشل مجسٹریٹ نے ایدھی حکام کو خط بھی لکھ دیا۔

خط میں کہا گیا ہے کہ ڈی این اے رپورٹ آنے تک لاش ایدھی سرد خانے میں رہے گی، رپورٹ مثبت ہوئی تو لاش لواحقین کے حوالے کردی جائے اور اگر رپورٹ مثبت نہیں آئی تو دوبارہ لاوارث قبرستان میں تدفین کی جائے۔

واضح رہے کہ مصطفیٰ عامر قتل کیس میں ملزم ارمغان نے مقتول کو اغوا کرکے شدید تشدد کا نشانہ بنایا اور اسی کی گاڑی میں ڈال کر حب لے جاکر جلایا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button