
برلن (اے ون نیوز) جرمنی کے مغربی شہر مانہائم میں ایک کار ہجوم پر چڑھ دوڑی، جس کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔
پولیس کے مطابق کار کے ڈرائیور کو گرفتار کر لیا گیا ہے تاہم ابھی تک یہ واضح نہیں کہ اس واقعے میں کوئی اور مشتبہ شخص بھی ملوث ہے یا نہیں۔
العربیہ نے خبر ایجنسی روئٹرز کے حوالے سے رپورٹ کیا کہ پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ متاثرہ علاقے سے دور رہیں۔ یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا جب مغربی جرمنی کے مختلف شہروں میں کارنیول کی تقریبات کے لیے بڑی تعداد میں لوگ جمع تھے۔
مقامی میڈیا کے مطابق ایک سیاہ رنگ کی ایس یو وی تیز رفتاری سے مرکزی علاقے پیرادی پلاٹز سے شہر کے مشہور واٹر ٹاور کی سمت ہجوم میں جا گھسی۔
جرمنی میں حالیہ ہفتوں میں پرتشدد حملوں کی ایک لہر دیکھی گئی ہے جس کی وجہ سے سیکیورٹی خدشات میں اضافہ ہوا ہے۔ ان حملوں میں دسمبر میں میگڈیبرگ اور گزشتہ ماہ میونخ میں کار حملے اور مئی 2024 میں مانہائم میں چاقو سے حملہ شامل ہیں۔
پولیس نے کارنیول تقریبات کے دوران سیکیورٹی سخت کر دی ہے، کیونکہ سوشل میڈیا پر داعش سے منسلک اکاؤنٹس نے کولون اور نیورمبرگ میں حملوں کی دھمکیاں دی تھیں۔