اہم خبریںپاکستانتازہ ترینسندھ

کراچی، 5 منزلہ عمارت زمین بوس، 11افراد جاں بحق، 12 زخمی،درجنو‌ں لاپتہ

کراچی(اے ون نیوز) کراچی کے علاقے لیاری بغدادی میں 5 منزلہ عمارت زمین بوس ہونے سے 11 افراد جاں بحق ہو گئے، متعدد افراد ملبے تلے دبے ہوئے ہیں جبکہ 12 زخمیوں کو ملبے کے نیچے سے نکال لیا گیا ہے۔

ریسکیو حکام کے مطابق واقعہ کے فوری بعد ریسکیو ادارے، پولیس اور رینجرز کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئی ہیں، علاقہ مکینوں کی مدد سے متاثرین کو نکالنے کی کوششیں جاری ہیں۔

ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ زخمیوں میں 3 خواتین شامل ہیں جنہیں سول ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں دو زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے، عمارت کے ملبے تلے 25 سے 30 افراد دبے ہو سکتے ہیں جن میں بچے بھی شامل ہیں۔

دوسری طرف کراچی پولیس نے گرنے والی عمارت کے مالک کی تلاش شروع کر دی ہے، کراچی کے جناح ہسپتال اور سول ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔

ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ عمارت میں 6 خاندان رہائش پذیر تھے اور ملبے تلے دبے مزید لوگوں کو نکالنے کی کوشش کی جارہی ہے، گرنے والی عمارت سے ملحقہ 2 اور 7 منزلہ عمارتوں کو بھی خالی کروالیا گیا ہے۔

حکام نے بتایا کہ متعدد افراد رہائشی عمارت کے ملبے تلے دبے ہوئے ہیں، تنگ گلیوں کے باعث ہیوی مشینری کے پہنچنے میں مشکلات کا سامنا ہے، علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد بھی امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہے۔

عینی شاہدین کے مطابق عمارت میں کئی خاندان مقیم تھے اور گرنے سے قبل عمارت کی حالت خستہ تھی، شہر کے پرانے علاقے میں اب بھی کئی عمارتیں مخدوش حالت میں موجود ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button