اہم خبریںتازہ تریندنیا

امریکہ سے خود نکل جاﺅ،ہزاروں ڈالر کے علاوہ ایک اور بڑی سہولت سے فائدہ اٹھاﺅ،ٹرمپ حکومت کی پیشکش

نیویار ک ( اے ون نیوز ) امریکہ میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی حکومت کے ایک سال مکمل ہونے پر یو ایس ڈیپارٹمنٹ آف ہوم لینڈ سیکورٹی نے غیر قانونی طور پر مقیم امیگرنٹس کے لیے ایک نئی اور بڑی پیشکش کا اعلان کیا ہے۔

اس اعلان کے تحت ایسے افراد جو اپنی مرضی سے امریکہ چھوڑنے کے لیے سرکاری موبائل ایپ کے ذریعے رجسٹریشن کریں گے، انہیں وطن واپسی کے لیے مفت سفر کے ساتھ ساتھ 26 سو ڈالرز کی مالی مدد بھی دی جائے گی۔

ڈیپارٹمنٹ آف ہوم لینڈ سیکورٹی کے مطابق یہ پیشکش پہلے شروع کی گئی مہم کی کامیابی کے بعد بڑھائی گئی ہے۔ جنوری 2025سے اب تک بائیس لاکھ سے زائد غیر قانونی غیر ملکی اپنی مرضی سے امریکہ چھوڑ چکے ہیں، جبکہ دسیوں ہزار افراد نے سرکاری نظام کے ذریعے خود واپسی کا راستہ اختیار کیا ہے۔

ہوم لینڈ سیکورٹی کی سیکرٹری کرسٹی نوئم نے اپنے بیان میں کہا کہ حکومت ایک سال مکمل ہونے کی مناسبت سے غیر قانونی طور پر مقیم افراد کو رضاکارانہ طور پر روانگی پر مزید مالی سہولت دے رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جو لوگ اس پیشکش سے فائدہ نہیں اٹھائیں گے، انہیں گرفتار کر کے ملک بدر کر دیا جائے گا اور وہ دوبارہ امریکہ واپس نہیں آ سکیں گے۔

محکمے نے واضح کیا ہے کہ اس پروگرام کے تحت رجسٹریشن کرنے والے افراد کو ملک چھوڑنے میں تاخیر پر عائد ممکنہ مالی جرمانوں سے بھی معافی مل سکتی ہے۔

حکام کے مطابق جبری ملک بدری پر حکومت کا ایک فرد پر اٹھارہ ہزار ڈالر سے زائد خرچ آتا ہے، جبکہ خود واپسی کے اس طریقے سے یہ خرچ کم ہو کر تقریباً پانچ ہزار ڈالر رہ جاتا ہے، جس سے سرکاری خزانے کو فی فرد تیرہ ہزار ڈالر سے زیادہ کی بچت ہوتی ہے۔

اب تک تقریباً ایک لاکھ افراد اس سرکاری نظام کو استعمال کر چکے ہیں۔ ہوم لینڈ سیکورٹی ڈیپارٹمنٹ کا کہنا ہے کہ خود واپسی کا یہ طریقہ تیز، آسان اور مفت ہے، جس میں صرف رجسٹریشن کی ضرورت ہوتی ہے اور باقی تمام انتظامات حکومت خود کرتی ہے، بشمول وطن واپسی کے سفر کے اخراجات۔

حکام کے مطابق صدر ٹرمپ کے پہلے سال میں چھ لاکھ پچھتر ہزار سے زائد افراد کو ملک بدر کیا گیا۔ ایسے میں جو غیر قانونی طور پر امریکہ میں موجود ہیں، انہیں خبردار کیا گیا ہے کہ اگر وہ اس پیشکش سے فائدہ نہیں اٹھائیں گے تو بالآخر گرفتار ہو کر زبردستی ملک بدر کر دیے جائیں گے اور دوبارہ داخلے پر مستقل پابندی عائد ہو گی۔

محکمہ داخلی سلامتی نے غیر قانونی تارکینِ وطن پر زور دیا ہے کہ وہ اس موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے خود واپسی کا راستہ اختیار کریں، کیونکہ یہی ان کے لیے سب سے آسان اور محفوظ راستہ ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button