راولپنڈی (اے ون نیوز) آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے کیلئے قوم اور حکومت کو مشترکہ روش اپنانا ہوگی ،عسکری قیادت ملک کو درپیش چیلنجز سے مکمل طور پر آگاہ ہے.
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر کے زیر صدارت 257 ویں کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی جس میں ملکی داخلی و سلامتی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ اندرونی اور خطے کے سکیورٹی امور کا جائزہ بھی لیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان کی مسلح افواج کی قیادت درپیش چیلنجز سے مکمل طور پر آگاہ ہے، عسکری قیادت عوام کے تعاون سے اپنی آئینی ذمے داریاں نبھانے کا عزم کرتی ہے۔
ترجمان پاک فوج نے کہا کہ مسلح افواج اندرونی و بیرونی خطرات کا جواب دینے کے لئے ہمہ وقت تیار ہے، سکیورٹی فورسز مغربی سرحدی علاقوں میں خفیہ آپریشنز کر رہی ہیں، دہشتگردی کے مکمل خاتمے کیلئے قوم اور حکومت کو مشترکہ روش اپنانا ہوگی۔