دبئی (اے ون نیوز) دبئی کی ایک رہائشی عمارت کی چوتھی منزل میں آگ بھڑک اٹھی جس کے نتیجے میں 16 افراد جاں بحق جبکہ 9 زخمی ہو گئے، مرنے والوں میں 3پاکستانی بھی شامل ہیں ۔
دبئی کے شہری دفاع کے ترجمان کے مطابق آتشزدگی کا واقعہ ہفتے کو ڈیرہ دبئی کی رہائشی عمارت الراس میں پیش آیا ،جہاں دبئی سول ڈیفنس آپریشنز روم کو دوپہر ساڑھے بارہ بجے آگ لگنے کی اطلاع دی گئی۔
خلیجی میڈیا کے مطابق اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیم نے وقت پر پہنچ کر انخلاء اور آگ بجھانے کی کارروائیاں شروع کر دیں ، آتشزدگی کے نتیجے میں 16 افراد جان کی بازی ہارگئے جبکہ 9زخمیوں کو فوری طبی امداد کے بعد ہسپتال منتقل کیا گیا ۔
اس حوالے سے ترجمان کا کہنا تھا کہ کہ ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ عمارت میں حفاظت اور سکیورٹی کے بنیادی تقاضے پورے نہ ہونے کے باعث آگ لگی ، متعلقہ حکام حادثے کی وجوہات جاننے کیلئے مزید تحقیقات کر رہے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق عینی شاہدین کاکہنا ہے کہ انہوں نے عمارت سے آگ کے شعلے بلند ہوتے دیکھے، سوشل میڈیا پر شیئر کی جانے والی ویڈیوز میں اپارٹمنٹ کی کھڑکی سے گاڑھا سیاہ دھواں اور شعلے بھڑکتے دکھائی دیے گئے ہیں ۔
عمارت میں واقع ایک دکان میں کام کرنے والے کاریگر کا کہناتھا کہ انہوں نے "ایک زوردار دھماکے” کی آواز سنی تاہم اس لمحے میں وہ یہ نہیں جان سکے کہ کیا ہو رہا ہے؟ بعدازاں ہم نے کھڑکی سے دھوئیں اور آگ کے بادل دیکھے ۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق متعلقہ حکام کاکہنا ہے کہ کچھ نعشوں کی شناخت ان کے لواحقین کی مدد سے کرلی گئی ہے جبکہ تین زخمی تاحال ہسپتال میں موجود ہیں جن کی حالت خطرے سے باہر ہے ۔