اسلام آباد(اے ون نیوز)اسلام آباد ہائی کورٹ کے جج جسٹس گل حسن اورنگزیب نے تحریک انصاف کے جنرل سیکرٹری اسد عمر کی درخواست ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں فوری رہا کرنےکا حکم دے دیا۔
اس موقع پر جسٹس گل حسن اورنگزیب نے اسد عمر کے وکیل بابر اعوان سے کہا کہ ‘وہ’ تو آپ کو نہیں چھوڑیں گے جب تک آپ پریس کانفرنس نہیں کریں گے۔ بابر اعوان کا کہنا تھا کہ پریس کانفرنس تو ہم نہیں کریں گے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ نے تھری ایم پی او کے تحت اسد عمر کی گرفتاری کالعدم قرار دیتے ہوئے انہیں پرتشدد احتجاج کا حصہ نہ بننے کا بیان حلفی جمع کرانےکا حکم بھی دیا۔
جسٹس گل حسن اورنگزیب کا کہنا تھا کہ بیان حلفی کی خلاف ورزی ہوئی تو اسد عمر سیاسی کیریئر بھول جائیں۔عدالت نے اسد عمر کو ٹوئٹس بھی ڈیلیٹ کرنےکی ہدایت کی۔
جسٹس گل حسن اورنگزیب کا کہنا تھا کہ اسد عمر کے 2 ٹوئٹس ہیں وہ فوراً ڈیلیٹ کرائیں۔وکیل بابر اعوان کا کہنا تھا کہ یہ خبر ہے لیکن ہم آپ کے حکم کی تعمیل کریں گے۔