لاہور(اے ون نیوز)لاہور میں مون سون کا دوسرا سپیل تگڑاشروع ہو گیا، شہر کے مختلف علاقوں میں تیز بارش سے جل تھل ایک ہو گیا، مزنگ ہسپتال کی دیوار گرنے سے 11 افراد ملبے تلے دب کر زخمی ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق صوبائی دارالحکومت کے مختلف علاقوں لکشمی چوک ،ایبٹ روڈ، ایمپریس روڈ ،ریلوے سٹیشن اور شیرانوالہ گیٹ سمیت مختلف علاقوں میں بارش کا سلسلہ جاری ہے، سبزہ زار ،ڈھولنوال،وحدت روڈ، مصطفی ٹاؤن، شاہدرہ، نشتر ٹاون، اچھرہ، اقبال ٹاؤن کے اطراف میں موسلادھار بارش ہو رہی ہے۔
مغلپورہ، باغبانپورہ، بھاٹی گیٹ، جوہر ٹاؤن،گلشن راوی ،قرطبہ چوک ،لبرٹی میں بھی بادل برس رہے ہیں، شہر کو ڈوبنے سے بچانے کے لیے ضلعی انتظامیہ متحرک نظر آرہی ہے۔
ایم ڈی واسا نے عملہ کو نشیبی علاقوں میں ڈسپوزل سسٹم کو فعال رکھنے کی ہدایت کی ہے، کمشنر لاہور نے بھی انتظامیہ کو نشیبی علاقوں سے نکاسی آب یقینی بنانے کا حکم دیا ہے، کلمہ چوک انڈر پاس کو ڈوبنے سے بچانے کے لیے نکاسی آب کی مشنری پہنچا دی گئی ہے۔
ادھر موسلادھار بارش کے باعث مزنگ ہسپتال کی دیوار گرنے سے 11 افراد ملبے تلے دب کر زخمی ہو گئے، زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد گنگا رام ہسپتال منتقل کردیا گیا، جہاں 2 زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔
دوسری جانب لیسکو ریجن میں تیز بارش کے باعث ترسیلی نظام بری طرح متاثر ہوا ہے، بارش سے لیسکو کے 120 سے زائد فیڈرز ٹرپ کر گئے، فیڈرز ٹرپ ہونے اور دیگر تکنیکی خرابیوں کے باعث شہر کے متعدد علاقے بجلی سے محروم ہو گئے ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز کی تیز آندھی اور بارش سے لیسکو کا متاثرہ سسٹم تاحال بحال نہیں ہوسکا تھا، آج ہونے والی بارش نے ترسیلی نظام کو مزید متاثر کردیا ہے۔