لاہور(اے ون نیوز) ڈرون کے ذریعے ہیروئن بھارت اسمگل کرنے والا نیٹ ورک بے نقاب ہو گیا۔
پولیس کے مطابق نیٹ ورک میں ڈی سی آفس مال خانے میں تعینات شرافت نامی ایک پولیس اہلکار بھی شامل ہے ، جس کیخلاف اے این ایف نے مقدمہ درج کر لیا ۔
ایف آئی آر کے مطابق ہیروئن بھارت اسمگل کرنے کے لیے ڈرون کا استعمال کیا جاتا تھا، سرحدی علاقے میں چھاپہ مار کر ہیروئن برآمد کر لی گئی ہے ، ہیروئن اسمگلنگ کے لیے استعمال کیا جانیوالا ڈرون بھی قبضے میں لے لیا گیا ہے۔
ایف آئی آر میں مزید کہا گیا ہے کہ ملزمان کی شناخت عبدالرزاق، جیدا، شرافت، مصطفیٰ اور اعجاز ڈیال کے نام سے ہوئی ہے، اس گروہ کو سرحد پار سے مدد حاصل ہے۔
اے این ایف ذرائع کا کہنا ہے کہ اسمگلنگ میں ملوث ملزمان کارروائی کے دوران فرار ہوگئے تھے۔