لاہور(جاوید ہاشمی سے)مولانا فضل الرحمن نے شہبازشریف سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی ،دونوں رہنماﺅں کا مجموعی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال ۔
دونوں قائدین نے شفاف، آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کے حوالے سے گفتگو کی ،مولانا فضل الرحمن نے نوازشریف کی وطن واپسی کے حوالے سے نیک تمناﺅں کا اظہار کیا ،دونوں قائدین کا مشاورت اور اشتراک عمل سے آگے بڑھنے کا فیصلہ ۔بحرانوں کو مل کر ہی نمٹا جاسکتا ہے، دونوں قائدین کا اتفاق ۔
شہبازشریف نے فضل الرحمن سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو دیوالیہ ہونے سے بچانے میں آپ نے بھرپور تعاون کیا، تمام جماعتوں نے 16 ماہ میں سیاست کا نہیں صرف ریاست بچانے کا سوچا،پاکستان کو اتحاد، مشاورت اور اشتراک عمل ہی بحرانوں سے نکال سکتا ہے، قائد نوازشریف کی وطن واپسی کے بعد سیاسی وجمہوری نظام مضبوط ہوگا۔
مولانا فضل الرحمن نے کہانوازشریف کی وطن واپسی پاکستان کے لئے اچھی خبر ہے، سچ بے نقاب ہوچکا ہے کہ نوازشریف سیاسی انتقام کا نشانہ بنائے گئے، نوازشریف اور ان کے خاندان کو ناحق ستایا گیا، یہ تاریخ کا سیاہ اور افسوسناک باب رہے گا،نوازشریف نے خیبرپختونخوا میں پی ٹی آئی کا مینڈیٹ تسلیم کیا لیکن نوازشریف کو ہی سیاسی نظام سے باہر کردیاگیا،سیاسی رہنماﺅں کو ناحق چور ڈاکو کہنا سیاسی انجینئرنگ کا کھیل تھا۔
شہبازشریف نے آمد پر مولانا فضل الرحمن کا استقبال کیا،ملاقات میں احسن اقبال، سابق سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور عطاءاللہ تارڑ بھی موجود تھے۔