لاہور(اے ون نیوز)پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) ملک میں انتخابی عمل کے آغاز پر سپریم کورٹ کی شکر گزار ہے۔
پی ٹی آئی کی کور کمیٹی کے اجلاس میں انتخابات سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے کا جائزہ لیا گیا۔
کور کمیٹی کے اعلامیے میں کہا گیا کہ ملک میں انتخابی عمل کے آغاز پر سپریم کورٹ کے شکر گزار ہیں ، انتخابات کے آزادانہ، منصفانہ اور شفاف انعقاد کا چیلنج الیکشن کمیشن کو درپیش ہے ۔
پی ٹی آئی کی کور کمیٹی کے اجلاس کے اعلامیے کے مطابق انتخابی نشان ”بلّے“ کی فوری فراہمی سمیت زیر التوا معاملات پر بلا تاخیر فیصلے کیے جائیں۔
اعلامیے میں کہا گہا کہ الیکشن کمیشن انتخابات کے لیے لیول پلیئنگ فیلڈ کی دستیابی یقینی بنائے ، اللہ کی رضا سے چیئرمین پی ٹی آئی بطور منتخب وزیراعظم ملک کی باگ ڈور سنبھالیں گے ۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے وفاقی حکومت کو 8 فروری 2024 کو ملک میں انتخابات کا انعقاد یقینی بنانے کا حکم دیا ہے۔
ملک میں 90 روز میں انتخابات سے متعلق کیس میں صدر مملکت کی جانب سے 8 فروری 2024 کو عام انتخابات سے متعلق دستاویز پر دستخط کے بعد سپریم کورٹ نے کیس نمٹا دیا۔
سپریم کورٹ نے کہا کہ صدر اور الیکشن کمیشن کی اعلان کردہ تاریخ پر بلاتعطل انتخابات ہوں، عام انتخابات کی تاریخ کا نوٹیفکیشن بھی جاری ہو چکا ہے، 8 فروری کو انتخابات کرانے پر کسی فریق کو اعتراض نہیں ہے لہذا وفاقی حکومت 8 فروری 2024 کو انتخابات کا انعقاد یقینی بنائے۔