غزہ(اے ون نیوز)غزہ میں اسرائیل کے وحشیانہ حملے ایک ماہ سے جاری ہیں، بمباری سے ہونے والی تباہی کے سامنے آنے والے مناظر انتہائی ہولناک اور دل دہلا دینے والے ہیں۔
سوشل میڈیا پر ایک ایسی ہی ویڈیو سامنے آئی ہے جس نے دیکھنے والوں کو غم ناک کردیا ہے۔
سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ اسرائیلی بمباری سے برباد عمارت کے ملبے سے غزہ کے شہری ایک بچی کو زندہ سلامت نکالنے میں کامیاب رہے ہیں اور وہ اسے اسپتال منتقل کر رہے ہیں۔
عرب میڈیا کے مطابق یہ ویڈیو غزہ کے جبالیہ کیمپ کی ہے جہاں اسرائیل 4 مرتبہ بمباری کرچکا ہے۔
ملبے کے نیچے سے نکالے جانے کے بعد بچی کو اپنے زندہ ہونےکا یقین نہیں آیا اور وہ پوچھ رہی کہ انکل کیا مجھے قبرستان لےکر جار ہے ہیں؟ اس پر ایک شخص اسے حوصلہ دلاتے ہوئے کہہ رہا ہےکہ نہیں تم تو چاند جیسی ہو۔
خیال رہے کہ غزہ کے شہدا کی تعداد 9 ہزار 770 سے تجاوز کرگئی ہے، ان میں 4 ہزار 800 بچے شامل ہیں، غزہ میں 26 ہزار فلسطینی زخمی بھی ہیں۔
مکمل اندھیرے اور انٹرنیٹ و مواصلات کے مکمل بلیک آؤٹ میں اسرائیلی فوج فلسطینیوں کی نسل کشی کر رہی ہے۔
اسرائیلی قابض فوج اس وقت غزہ پٹی کے تمام علاقوں میں زمینی، سمندری اور فضائی راستے سے خونریز قتل عام اور بلا روک ٹوک بمباری کر رہی ہے۔