سبی (اے ون نیوز)صوبہ بلوچستان کے ضلع سبی میں جناح روڈ پر پاکستان تحریک انصاف کی انتخابی ریلی میں بم دھماکے کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق جبکہ 5 شدید زخمی ہو گئے۔
پولیس کے مطابق بم موٹرسائیکل میں نصب تھا، ریلی میں دھماکے کے باعث جاں بحق ہونےوالوں کی لاشیں اور زخمیوں کو سی ایم ایچ منتقل کر دیا گیا ہے،جبکہ دوسری طرف سبی سمیت کوئٹہ کے تمام ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے، ڈاکٹرزاور عملے کو ڈیوٹی پر موجود رہنے کی ہدایات جاری کر دی گئیں،
پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیئے ہیں، پولیس ٹیموں کی جانب سے متاثرہ علاقے کی ناکہ بندی بھی کر دی گئی ہے۔دوسری جانب الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سبی میں سیاسی جماعت کی ریلی میں دھماکے کا نوٹس لے لیا، الیکشن کمیشن نے چیف سیکرٹری اور آئی جی بلوچستان سے رپورٹ طلب کر لی۔
دریں اثناءڈپٹی کمشنر سبی خدائے رحیم میروانی نے کہا ہے کہ قانون نافذ کرنےوالے ادارے مزید تحقیقات کررہے ہیں، افسوسناک واقعے کے بعد سکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی ہے۔