اسلام آباد(اے ون نیوز) عمران خان اور بشریٰ بی بی کو رہا ہوتے ہی دوبارہ گرفتار کر لیا گیا۔
قومی احتساب بیورو (نیب) نے پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی گرفتاری ڈال دی، ڈپٹی ڈائریکٹر نیب محسن ہارون کی سربراہی میں نیب ٹیم نے دونوں کو گرفتار کیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نیب نے نئے توشہ خانہ ریفرنس میں دونوں میاں بیوی کی گرفتاری ڈالی، انہیں نئے توشہ خانہ ریفرنس میں گرفتار کیا، بطور وزیراعظم بانی پی ٹی آئی اور اہلیہ نے توشہ خانہ سےتحائف حاصل کیے، الزام ہےکہ تحائف کم قیمت پرحاصل کرکے مہنگے داموں فروخت کردیے۔
دوسری جانب بانی پی ٹی آئی اوربشریٰ بی بی کی رہائی کیلئے روبکار بھی جاری کردی گئی ہے، روبکار جاری ہونے کے بعد جیل سے قانونی طورپررہائی لازمی ہے اور نیب ٹیم نے دوبارہ گرفتاری کے ابتدائی قانونی تقاضے پورے کر لیے۔
ذرائع نے بتایاکہ جیل رول کے مطابق رہائی کے ساتھ ہی دوبارہ گرفتار کیا جائے گا، بشریٰ بی بی کی رہائی کے بعد گرفتاری ظاہر کی جائے گی،جیل کے دونوں داخلی دروازوں پر پولیس کی بھاری نفری اور کارکن موجود ہیں۔
ذرائع کے مطابق بشریٰ بی بی کو رہائی کے بعد دوبارہ گرفتار لرلیا گیا، انہیں گیٹ نمبر 3سے رہا کر کے دوبارہ گرفتار کیا گیا، بشریٰ بی بی کو قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد گرفتار کیا گیا، انہیں اڈیالہ جیل میں ہی رکھا جائے گا۔