
بلوچستان میں کالعدم بلوچستان لبریشن آرمی (بی ایل اے) کے بزدلانہ حملے میں سیکیورٹی فورسز کے 7 جوان شہید ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق 6 مئی کو بلوچستان کے ضلع کچھی کے علاقے مچھ میں بھارتی ایما پر کام کرنے والی کالعدم تنظیم نام نہاد ’بلوچ لبریشن آرمی‘ کے دہشت گردوں نے سیکیورٹی فورسز کی گاڑی کو دیسی ساختہ بم سے نشانہ بنایا۔
ترجمان پاک فوج کے بیان کے مطابق اس بزدلانہ حملے کے نتیجے میں وطن کے سات سپوت شہادت کے عظیم مرتبے پر فائز ہو گئے، شہداء میں صوبیدار عمر فاروق نائیک آصف خان نائیک مشکور علی سپاہی طارق نواز سپاہی واجد احمد فیض سپاہی محمد عاصم سپاہی محمد کاشف خان شامل ہیں۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ واقعے کے بعد علاقے میں کلیئرنس اور سرچ آپریشن جاری ہے، تاکہ دہشت گردوں کو انجام تک پہنچایا جا سکے۔
بیان میں کہا گیا کہ اس گھناؤنے اور بزدلانہ حملے کے ذمہ داران کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔
ترجمان نے کہا کہ پاک فوج، قانون نافذ کرنے والے ادارے اور پوری قوم، بلوچستان میں امن، ترقی اور استحکام کو نقصان پہنچانے کی ہر کوشش کو ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ ہمارے بہادر سپاہیوں کی یہ قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔بھارت اور اس کے ایجنٹوں کے مذموم عزائم ان شاء اللہ، پاکستانی سیکیورٹی فورسز، ریاستی اداروں اور عوام کی جرات اور یکجہتی کے سامنے ناکام ہوں گے۔