
چلاس (اے ون نیوز) بابوسر ٹاپ پر سیلابی ریلے میں بہہ جانے والی خاتون ڈاکٹر مشعال فاطمہ کے 3 سالہ بیٹے عبد الہادی کی لاش تین روز بعد مل گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق عبد الہادی کی لاش مقامی افراد کو بابوسر کے قریب ڈاسر کے مقام پر ملی، جس پر فوراً حکام کو اطلاع دی گئی۔ گلگت بلتستان اسکاؤٹس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے لاش کو نالے سے نکالا اور چلاس اسپتال منتقل کر دیا۔
یاد رہے کہ چند روز قبل لودھراں سے تعلق رکھنے والی ایک فیملی سکردو سے واپسی پر بابوسر ٹاپ کے قریب سیلابی ریلے کی زد میں آ گئی تھی۔ حادثے میں خاتون ڈاکٹر مشعال فاطمہ اور ان کا دیور فہد اسلام موقع پر جاں بحق ہو گئے تھے، جب کہ تین سالہ عبد الہادی لاپتا ہو گیا تھا، جس کی تلاش جاری تھی۔
ریسکیو اداروں کے مطابق شدید موسم اور تیز بہاؤ کے باوجود سرچ آپریشن جاری رکھا گیا، جس کے نتیجے میں تین دن بعد بچے کی لاش برآمد ہوئی۔