اہم خبریںپاکستانتازہ ترین

"تحریک انصاف کی حکومت مزید 6 ماہ رہتی تو ملک دیوالیہ ہو جاتا”،اسحاق ڈار کا دعویٰ

نیویارک اے ون ٹی وی نیوز) پاکستان کے نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچانے میں موجودہ حکومت نے اہم کردار ادا کیا۔ ان کے مطابق اگر تحریک انصاف کی حکومت چھ ماہ اور برقرار رہتی تو پاکستان اقتصادی طور پر دیوالیہ ہو چکا ہوتا۔

نیویارک میں پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک کی معیشت اب استحکام کی جانب گامزن ہے اور ہمارا ہدف پاکستان کو جی 20 ممالک میں شامل کرنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی قوم کا سرمایہ ہیں اور ان کی شمولیت سے ملکی ترقی ممکن ہے۔

اسحاق ڈار کے مطابق، گزشتہ تین برسوں کے دوران معیشت میں بہتری کے واضح اشارے سامنے آئے ہیں، جی ڈی پی گروتھ میں اضافہ ہوا ہے، مہنگائی کی شرح کم ہوئی ہے اور زرمبادلہ کے ذخائر میں مسلسل اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد کا فیصلہ ایک مشکل مگر قومی مفاد میں کیا گیا اقدام تھا، جس کے ذریعے ملک کو اقتصادی تباہی سے بچایا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت نے ملک کو ڈیفالٹ کے خطرے سے نکال کر آگے بڑھنے کی راہ دکھائی۔

نائب وزیر اعظم نے مزید کہا کہ افغانستان کے ساتھ حالیہ دورے میں دو طرفہ امور پر گفتگو ہوئی اور ہم نے واضح کیا کہ افغان سرزمین کو پاکستان کے خلاف استعمال نہ ہونے دیا جائے۔

انہوں نے امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو سے ہونے والی ملاقات کو "انتہائی مثبت” قرار دیتے ہوئے بتایا کہ پاکستان دنیا میں تنازعات کے پرامن حل کا حامی ہے۔

اسحاق ڈار نے عافیہ صدیقی کے حوالے سے کہا کہ وہ پاکستانی قوم کی بیٹی ہیں اور ان کی رہائی کے لیے ہر ممکن سفارتی کوشش کی گئی ہے، حتیٰ کہ امریکی صدر جو بائیڈن سے معافی کی درخواست بھی کی گئی۔

انہوں نے بھارت پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ بھارتی جارحیت کا مؤثر جواب دیا ہے۔ رافیل طیارے گرائے گئے اور بھارت کی غلط فہمیوں کو دور کیا گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ جنگ بندی بھارت کی درخواست پر ہوئی اور پاکستان نے کسی کو بھی اس کی درخواست نہیں کی۔

اسحاق ڈار کے مطابق”آپریشن بنیان مرصوص” کی کامیابی میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی عسکری حکمت عملی کا کلیدی کردار رہا۔

وزیر خارجہ نے فلسطین کے مسئلے پر پاکستان کے مؤقف کو دہراتے ہوئے کہا کہ ہم دو ریاستی حل کے حامی ہیں اور فلسطینی عوام کے حقوق کی حمایت جاری رکھیں گے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button