
اسلام آباد(اے ون نیوز)آئی بی سی سی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر غلام علی ملاح نے کہا ہے کہ پاکستانی انٹرمیڈیٹ اسناد کو بہت جلد بین الاقوامی تعلیمی اداروں میں براہ راست تسلیم کیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ 29 تعلیمی و ٹیکنیکل بورڈز کی آن لائن ویری فکیشن شروع ہو چکی ہے، اور مدارس کے علوم کی بھی جلد تصدیق کا عمل آن لائن ہو جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ اب تصدیق کے لیے سربمہر لفافے کی شرط ختم کر دی گئی ہے جبکہ تمام بورڈز کا ڈیجیٹل ریکارڈ مرکزی ڈیٹا بیس میں جمع کیا جا رہا ہے۔ ساتھ ہی غیر ملکی بورڈز کے لیے ریگولیٹری فریم ورک بھی فعال کر دیا گیا ہے۔
ڈاکٹر ملاح کے مطابق طلباء کی سہولت کے لیے آن لائن ایکولینس و اٹیسٹیشن کا نظام، QR کوڈ سرٹیفکیٹس، SMS/ای میل نوٹیفکیشنز اور کسٹمر سپورٹ ڈیسک بھی قائم کر دی گئی ہے۔ برطانیہ سمیت کئی ممالک کے ساتھ پاکستانی اسناد کی براہ راست منظوری کے لیے بات چیت جاری ہے۔