
ٌلاہور(اے ون نیوز)بھارتی ریاست اتر پردیش میں ایک افسوسناک واقعہ میں 75 سالہ بزرگ 35 سالہ خاتون سے شادی کی اگلی صبح ہی فوت ہو گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سنگرورم نامی شخص کی پہلی بیوی ایک سال قبل چل بسی تھی اور اس کے بعد وہ اکیلے رہ رہے تھے، بچوں کے نہ ہونے کے باعث وہ کھیتی باڑی کے ذریعے اپنا گذر بسر کررہے تھے۔
رشتہ داروں کا کہنا ہے کہ انہوں نے انہیں دوبارہ شادی نہ کرنے کا مشورہ بھی دیا تھا مگر وہ نہ مانے اورانہوں نے اپنی مرضی سے شادی کا فیصلہ کیا۔ 29 ستمبر، پیر کو سنگرورم نے منبھوتی سے شادی کی، جس کا اندراج عدالت میں کروایا گیا اور بعد میں گاؤں کے مقامی مندر میں روایتی رسمیں ادا کی گئیں۔
شادی کے بعد منبھوتی نے بتایا کہ ان کے شوہر نے انہیں یقین دلایا کہ وہ گھریلو ذمہ داریاں سنبھالیں گے اور بچوں کا بھی خیال رکھیں گے۔ لیکن صبح کے وقت سنگرورم کی طبیعت اچانک خراب ہو گئی، انہیں قریبی اسپتال لے جایا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دیا۔
اس اچانک موت نے گاؤں میں قیاس آرائیوں کو جنم دیا ہے، کچھ مقامی رہائشی اسے فطری موت قرار دیتے ہیں، جبکہ دیگر اس واقعے کے حالات پر شبہات کا اظہار کر رہے ہیں۔
یہ واقعہ گاؤں میں اب بھی بحث اور تجسس کا موضوع بنا ہوا ہے اور علاقے کے لوگ سنگرورم کی اچانک موت کے اسباب جاننے کے منتظر ہیں، ساتھ ہی مقامی سطح پر یہ سوال بھی اٹھایا جا رہا ہے کہ آیا پولیس تحقیقات یا پوسٹ مارٹم کرایا جائے گا یا نہیں۔