
لاہور ( اے ون نیوز) مسجد نبوی شریف میں 60سال سے زائد عرصہ تک بطور مدرس واستاذ قرآن مجید پڑھانے والے پاکستانی نژاد سعودی مولانا قاری بشیر احمد صدیق 88سال کی عمر میں مدینہ منورہ میں انتقال کرگئے۔
جامعہ اشرفیہ لاہور کے ترجمان کے مطابق مسجد نبوی کے مدرس شیخ بشیر احمد صدیق کی نماز جنازہ مسجد نبوی میں ادا کی گئی۔
ترجمان کے مطابق شیخ بشیر احمد صدیق کو جنت البقیع میں سپرد خاک کردیا گیا۔شیخ بشیر احمد صدیق 60 سال سے زائد عرصے سے مسجد نبوی میں قرآن مجید کی تعلیم دے رہے تھے۔
شیخ بشیر احمد صدیق نے اپنی پوری زندگی قرآن کی تعلیم، تبلیغ اور خدمت میں گزاری۔ دنیا بھر میں ان کے شاگرد موجود ہیں۔
مسجد نبوی شریف کے موجودہ امام فضیل الشیخ صلاح البدیر حفظہ اللہ اور دیگر4آئمہ حرم فضیل الشیخ حسین آل شیخ حفظہ اللہ،فضیل الشیخ،محمدالمختار حفظہ اللہ،فضیل الشیخ محمدایوب برمی اور فضیل الشیخ علی عبداللہ الجابرمرحوم آپ کے شاگرد ہیں.
انٹر نیشنل ختم نبوت مومنٹ ورلڈکے مرکزی سیکر ٹری جنرل مولانا ڈاکٹراحمد علی سراج کے داماد ڈاکٹر قاری یحیی سراج اوردوبیٹے قاری صالح احمدسراج اورقاری سعداحمدسراج بھی مولانا قاری بشیر احمد صدیق کے شاگردہیں، مولانا قاری بشیر احمد صدیق کا تعلق پاکستان کے علاقہ مظفر گڑھ جنوبی پنجاب سے ہے.
مرحوم نے دینی تعلیم جامعہ دارالعلوم کراچی سے حاصل کی جبکہ قرآن مجید کی تعلیم اورتجویدکاعلم مولانا قاری فتح محمدپانی پتی اورمولانا قاری عبدالعزیز شوقی سے حاصل کیا، 1965ءسعودی عرب مدینہ منورہ تشریف لے گئے جہاں مسجد نبوی شریف میں بطور مدرس و استاذ قرآن مجید کی تعلیم دینے مصروف ہوگے اوروفات تک کم وپیش 60سال تک پڑھانے کا یہ سلسلہ جاری رہا.
مولانا قاری بشیر احمد صدیق 44سال مسلسل مسجد نبوی کے ایک ستون کے نیچے بیٹھ کرقرآن مجید پڑھاتے رہے ۔آپ نے 54سال بغیرتنخواہ کے قرآن مجیدکی تعلیم دی،سعودی عرب کی حکومت نے بے لوث خدمت کے اعتراف اوراعزازمیں مولانا قاری بشیر احمد صدیق کو”سعودی عرب کی شہریت“دی.
مدینہ منورہ اوربیرون ممالک آپ کے سینکڑوں شاگرداسلام کی اشاعت اوردین کی خدمت میں شبانہ روز مصروف عمل ہیں، مولانا قاری بشیر احمد صدیق کی نما زجنازہ مسجد نبوی میں ادا کی کئی جس میں مولانا ڈاکٹراحمد علی سراج سمیت مدینہ منورہ کے علماءو مشائخ،عوام و خواص اور شاگردوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی ، مولانا قاری بشیر احمد صدیق کو جنت البقیع میں دفن کردیاگیا، امام حرم شیخ صلاح البدیر نے دفنانے کے بعد خصوصی دعا کرائی۔
دریں اثنا انٹر نیشنل ختم نبوت مو ومنٹ ورلڈ کے مرکزی امیر مولانا ڈاکٹر سعید احمد عنایت اللہ، مولانا ڈاکٹر احمد علی سراج،نائب امیرمولانا عبدالرو¿ف مکی،مولانا محمد الیاس چنیوٹی ایم پی اے، مولانا صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی، معاون خصوصی امیر مرکزیہ مولانا محمد بن سعید، مرکزی ترجمان مولانا مجیب الرحمن،مولانا قاری محمد طیب عباسی، مولانا محمدامداد اللہ قاسمی، مولانا قاری شبیر احمد عثمانی،مولانا قاری محمدرفیق ،مولانا افتخاراللہ شاکر اور مولانا غلام یاسین صدیقی نے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم خادم قرآن،سچے عاشق رسول،محافظ ختم نبوت اورعلم و عمل کے پیکرتھے،انہوں نے دعا کی اللہ تعالی مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلی مقام اور لواحقین کو صبر جمیل اورسکون عطا فرمائے۔