
کراچی(اے ون نیوز)ماضی کے مقبول فلمی ولن اور اداکار مصطفیٰ قریشی چہل قدمی کے دوران کراچی میں روڈ کے گڑھے میں گرکر حادثے کا شکار ہوگئے اور ان کی ٹانگ کی ہڈی ٹوٹ گئی۔
سوشل میڈیا مصطفیٰ قریشی کی ٹانگوں پر پٹیوں اور بستر پر آرام کرنے کی تصاویر وائرل ہوگئیں اور مداحوں نے ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعائیں کیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق مصطفیٰ قریشی سندھ کے دارالحکومت کراچی کے پرتعیش علاقے کلفٹن میں اپنے گھر کے باہر چہل قدمی کرتے ہوئے پھسل کر حادثے کا شکار ہوئے۔
اداکار نے بتایا کہ نماز فجر کے بعد چہل قدمی کرنا ان کا معمول ہے اور 14 اکتوبر کو بھی وہ معمول کے مطابق واک کر رہے تھے کہ اچانک روڈ پر گڑھا آنے سے وہ لڑ کھڑا گئے اور پھسل کر زخمی ہوگئے۔
مصطفیٰ قریشی کے مطابق وہ اپنا توازن برقرار نہ رکھ سکے، گرنے سے انہیں سر اور جسم کے دیگر حصوں پر بھی چوٹیں لگیں، انہیں قریبی ہسپتال لے جایا گیا، جہاں ان کی ٹانگ پر پلستر کرکے انہیں ابتدائی طبی امداد دے کر ڈسچارج کردیا گیا۔
زائد العمری کی وجہ سے ٹانگ کی ہڈی ٹوٹ جانے پر ڈاکٹرز نے لیجنڈری اداکار کو 6 ہفتوں تک مکمل آرام کا مشورہ دیا ہے۔
مصطفیٰ قریشی کی عمر 80 سال سے زائد ہے اور انہوں نے 1970 کی دہائی سے قبل ہی اداکاری کا آغاز کیا تھا، انہوں نے ابتدائی طور پر ریڈیو پاکستان، بعد ازاں پاکستان ٹیلی وژن (پی ٹی وی) اور پھر فلمی اداکاری کا آغاز کیا۔
مصطفیٰ قریشی نے 500 سے زائد پاکستانی فلموں میں کام کیا، مادری زبان سندھی ہونے کے باوجود انہوں نے پنجابی زبان کی فلموں میں بھی شاندار کام کیا اور انہیں پنجابی فلموں سے ہی شہرت ملی۔
اداکار نے پنجابی اور اردو کے علاوہ سندھی و دیگر مقامی زبانوں کی فلموں اور ڈراموں میں بھی کام کیا، وہ طویل عرصے سے اسکرین سے دور ہیں، تاہم وہ شوبز تقریبات اور انٹرویوز میں دکھائی دیتے رہتے ہیں۔