اہم خبریںپاکستانتازہ ترین

وزیراعظم آزاد کشمیر کے خلاف پیپلزپارٹی کا تحریک عدم اعتماد لانے کا فیصلہ

اسلام آباد(اے ون نیوز)پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) نے اراکین کی تجاویز پر آزاد کشمیر کے وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ صدر زرداری نے منظوری دے دی۔

تفصیلات کے مطابق بلاول بھٹو کی زیر صدارت پیپلزپارٹی کے اجلاس میں وزیراعظم آزاد کشمیر کیخلاف تحریک عدم اعتماد لانے کا فیصلہ کیا گیا جس کی صدر مملکت نے بھی منظوری دیدی۔

صدر مملکت کی مںظوری کے بعد پیپلزپارٹی کا وزیر اعظم آزاد کشمیر کیخلاف آئندہ ہفتے تحریک عدم اعتماد لانے کا فیصلہ کیا۔صدر مملکت نے پیپلز پارٹی اجلاس میں فیصلوں کی توثیق بھی کی۔

اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پیپلزپارٹی آزاد کشمیر کے صدر چوہدری یاسین نے کہا کہ ن لیگ وفاق میں ہے تو آزاد کشمیر میں کابینہ میں شمولیت پر اعتراض نہیں ہونا چاہیے، اجلاس میں تفصیلی اور سیر حاصل گفتگو ہوئی، پارلیمانی پارٹی کے تمام ارکان اجلاس میں شریک تھے۔

انہوں نے کہا کہ اجلاس کے پہلے سیشن کی صدارت چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کی، دوسرا سیشن صدر مملکت اور شریک چیئرمین آصف علی زرداری کی زیرِ صدارت ہوا۔

انہوں نے بتایا کہ اجلاس میں آزاد کشمیر کی سیاسی صورتحال اور حکومت سازی پر تفصیلی غور کیا گیا۔ چوہدری یاسین کے مطابق پیپلز پارٹی آزاد کشمیر نے نئی حکومت بنانے کا حتمی فیصلہ کرلیا ہے اور اس حوالے سے بلاول بھٹو دو روز کے بعد وزیراعظم کے نام کا اعلان کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری خود نئے وزیراعظم کے نام کا اعلان کریں گے، چوہدری یاسین
مسلم لیگ ن اور ہم ایک پیج پر ہیں، تحریک عدم اعتماد آتی ہے تو مسلم لیگ ن ہمارے حق میں ووٹ دے گی۔

قبل ازیں چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری کی زیر صدارت زرداری ہاؤس اسلام آباد میں ہوئے پی پی پی آزاد کشمیر کی پارلیمانی پارٹی کے اہم اجلاس میں سیاسی حکمت عملی پر تفصیلی غور کیا گیا تاہم حکومت کی تبدیلی یا علیحدگی سے متعلق کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوسکا تھا۔

اجلاس میں فریال تالپور، سابق وزیراعظم راجا پرویز اشرف اور قمر زمان کائرہ، صدر پیپلز پارٹی آزاد کشمیر چوہدری یاسین کی قیادت میں پوری پارلیمانی پارٹی اجلاس میں شریک ہوئی، اسپیکر آزاد کشمیر اسمبلی چوہدری لطیف اکبر، جاوید ایوب، رفیق نئیر، بازل نقوی اور جاوید بڈھانوی، فیصل راٹھور، نبیلہ ایوب اور سردار حاجی یعقوب نے بھی شرکت کی تھی۔

بلاول بھٹو زرداری نے قیادت کو اتحاد برقرار رکھنے اور عوامی رابطہ مہم تیز کرنے کی ہدایت کی جبکہ اجلاس میں آزاد کشمیر میں حکومتی کارکردگی، تنظیمی امور اور آئندہ انتخابی حکمت عملی زیر بحث آئی تھی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button