
کراچی(اے ون نیوز)کراچی ائیرپورٹ پر نجی ائیرلائن نے انوکھا کارنامہ سر انجام دیتے ہوئے پرواز میں سیٹوں سے اضافی مسافر سوار کرا دیے۔
ذرائع کے مطابق نجی ائیرلائن کی انتظامیہ نے اسلام آباد کی پرواز پی اے 206 میں سیٹوں سے زیادہ 2 اضافی مسافر سوار کرادیے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ طیارے میں نشستوں سے زیادہ مسافر سوار کرانے پر پائلٹ نے اعتراض کیا۔
ذرائع کے مطابق طیارہ اڑان کے لیے ٹیکسی کر رہا تھا تو کپتان کو 2 اضافی مسافروں کے طیارے میں سوار ہونے کا پتہ چلا جس کے بعد پائلٹ طیارے کو واپس پارکنگ میں بورڈنگ برج پر لے آیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اضافی مسافر نجی ائیرلائن کے اپنے ملازمین تھے۔
کپتان نے اضافی مسافروں کو اتارنے کے بعد طیارے کی روانگی کا اعلان کیا۔ پرواز کو شام 5 بجے روانہ ہونا تھا اس واقعے کے باعث پرواز ڈیڑھ گھنٹے تاخیر کا شکار ہوئی۔
تاخیر پر طیارے میں سوار 170 سے زائد مسافروں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔
کراچی ائیرپورٹ انتظامیہ نے واقعے کی تصدیق کر دی اور پاکستان ائیرپورٹ اتھارٹی نے تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔




