اسلام آباد (اے ون نیوز) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پنجاب اور خیبرپختونخوا میں انتخابات کی تاریخ دے دی۔
صدر مملکت نے الیکشن ایکٹ 2017 ء کے سیکشن 57 ایک کے تحت 9 اپریل بروز اتوار کو پنجاب اور خیبر پختونخوا کی صوبائی اسمبلیوں کیلئے انتخابات کا اعلان کر دیا، انہوں نے الیکشن کمیشن کو حکم دیتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن ایکٹ کے سیکشن 57 دو کے تحت انتخابات کا پروگرام جاری کرے۔
صدر عارف علوی نے اس حوالے سے اپنے موقف میں کہا کہ آئین کے تحت آئین کے تحفظ اور دفاع کا حلف لیا، چونکہ کسی بھی عدالتی فورم کی جانب سے کوئی حکم امتناع نہیں، لہٰذا سیکشن 57 ایک کے تحت صدرکے اختیار کے استعمال میں کوئی رکاوٹ نہیں، آئین اور قانون 90 دن سے زائد کی تاخیر کی اجازت نہیں دیتا، آئین کی خلاف ورزی سے بچنے کیلئے انتخابات کی تاریخ کا اعلان کرنے کا اپنا آئینی اور قانونی فرض ادا کرنا ضروری سمجھتا ہوں۔
صدر نے مزید کہا کہ پنجاب اور خیبرپختونخوا کے گورنرز صوبائی اسمبلیوں کی تحلیل کے بعد 90 دن کے اندر اندر الیکشن کی تاریخ مقرر کرنے کی اپنی آئینی ذمہ داریاں ادا نہیں کر رہے، الیکشن کمیشن آف پاکستان بھی پنجاب اور خیبرپختونخوا کی اسمبلیوں کے انتخابات کرانے کی اپنی آئینی ذمہ داری پوری نہیں کر رہا، دونوں آئینی دفاتر اردو کی پرانی مثل "پہلے آپ نہیں، پہلے آپ” کی طرح گیند ایک دوسرے کے کورٹ میں ڈال رہے ہیں۔
انہوں نے کہا اس طرزِ عمل سے تاخیر اور آئینی شقوں کی خلاف ورزی کا سنگین خطرہ پیدا ہو رہا ہے، الیکشن کمیشن پہلے ہی آئینی عہدیداروں کے نام اپنے مختلف خطوط میں انتخابات کی ممکنہ تاریخوں کا اشارہ دے چکا ہے، ان خطوط میں 90 دن کے اندر انتخابات کرانے کی الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ظاہر ہوتی ہے، اسمبلیوں کے عام انتخابات کی تاریخ کے اعلان کیلئے الیکشن کمیشن سے مشاورت کا سنجیدہ عمل شروع کیا۔
صدر مملکت نے مزید کہا کہ الیکشن کمیشن نے اس موضوع پر ہونے والے اجلاس میں شرکت سے معذرت کی، سیکشن 57 (1) کے تحت حاصل اختیارات کو بروئے کار لاتے ہوئے صوبائی اسمبلیوں کے عام انتخابات کیلئے 9 اپریل 2023 ء (اتوار) کی تاریخ کا اعلان کررہا ہوں۔