
احمد آباد (اے ون نیوز) ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سپر 8 مرحلے کے میچ میں جنوبی افریقہ نے انڈیا کو 76 رنز سے شکست دے دی۔ 188 رنز کی ہدف کے جواب میں انڈین ٹیم 111 رنز بنا کر آل آؤٹ ہوگئی ۔
جنوبی افریقہ کی طرف سے دیے گئے ہدف کے تعاقب میں انڈین ٹیم شروع سے ہی پریشر میں نظر آئی اور صرف 26 کے مجموعی سکور پر تین وکٹیں گنوا بیٹھی۔ اگرچہ انڈیا کے پاس لوئر مڈل آرڈر تک بلے باز تھے لیکن شوم دوبے کے علاوہ کوئی بھی جم کر نہیں کھیل سکا۔ انہوں نے 42 رنز سکور کیے۔
جنوبی افریقہ کی طرف سے میکرو جینسن نے چار جب کہ کیشو مہاراج نے تین وکٹیں حاصل کیں۔ کوربن بوش نے دو جب کہ ایڈم مارکرم نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
احمد آباد میں کھیلے گئے میچ میں جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ۔ ابتدائی اوورز میں ہی بھارتی باؤلرز نے ان کا ٹاپ آرڈر تہس نہس کرکے رکھ دیا۔ ایڈن مارکرم، کوئنٹن ڈی کاک اور رکلٹن خاطر خواہ رنز سکور کیے بغیر ہی پویلین لوٹ گئے ۔
بعد ازاں ڈیوالڈ بریوس اور ڈیوڈ ملر نے ٹیم کو سہارا دیا۔ دونوں نے بالترتیب 45 اور 63 رنز بنائے۔ ٹرسٹن سٹبز 24 گیندوں پر 44 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے ۔ جنوبی افریقہ نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 187 رنز بنائے
انڈیا کی طرف سے جسپریت بمراہ نے تین جب کہ ارشدیپ سنگھ نے دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ ورون چکروتی اور شوم دوبے نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔




