
لاہور(اے ون نیوز)سوشل میڈیا پر سرگرم ایک معروف ٹک ٹاکر حکیم شہزاد عرف لوہا پاڑ کے خلاف سنگین نوعیت کا مقدمہ درج ہونے کے بعد معاملہ تیزی سے توجہ کا مرکز بن گیا ہے۔
حکام کے مطابق متعدد شادیوں کے باعث شہرت حاصل کرنے والے حکیم شہزاد عرف لوہا پاڑ کو ایک خاتون ٹک ٹاکر کی شکایت پر گرفتار کر لیا گیا ہے، جس میں ان پر مبینہ طور پر زیادتی کی کوشش کا الزام عائد کیا گیا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب ملزم نے خاتون کو صلح کے بہانے اپنے دواخانے بلایا۔ الزام ہے کہ ملاقات کے دوران حکیم شہزاد نے خاتون کے ساتھ زبردستی کرنے کی کوشش کی اور مزاحمت پر اس کے کپڑے بھی پھاڑ دیے۔
متاثرہ خاتون کی مدعیت میں تھانہ صدر پولیس نے مقدمہ درج کرتے ہوئے فوری کارروائی کی اور ملزم کو حراست میں لے لیا۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مقدمہ میں زیادتی کی کوشش سمیت دیگر متعلقہ دفعات شامل کی گئی ہیں جبکہ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔
ابتدائی معلومات کے مطابق ملزم سوشل میڈیا پر خاصی شہرت رکھتا ہے اور اس سے قبل بھی متنازع بیانات اور ذاتی زندگی کے حوالے سے خبروں میں رہ چکا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ تمام پہلوؤں کو مدنظر رکھتے ہوئے شفاف تحقیقات کی جائیں گی اور شواہد کی روشنی میں قانونی کارروائی آگے بڑھائی جائے گی۔




