وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کا سرکاری ہیلی کاپٹر حادثے سے بال بال بچ گیا

پشاور(اے ون نیوز) لکی مروت میں پاکستان تحریک انصاف کے اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کے آغاز کے موقع پر وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کا سرکاری ہیلی کاپٹر لینڈنگ کے دوران حادثے سے بال بال بچ گیا۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی لانگ مارچ شروع کرنے کے لیے سرکاری ہیلی کاپٹر کے ذریعے لکی مروت پہنچے جہاں ہیلی کاپٹر کی لینڈنگ کے موقع پر ایک کارکن کا پارٹی پرچم ہیلی کاپٹر کے پروں سے ٹکرا گیا۔
سہیل افریدی کا ہیلی کاپٹر جیسے ہی لینڈ کرگیا تو پی ٹی آئی کے کارکنان ان پر ٹوٹ پڑے اور ہیلی کاپٹر کی طرف بڑھے، اسی دوران ایک کارکن کا پارٹی پرچم ہیلی کاپٹر کے پروں میں پھنس گیا تاہم خوش قسمتی سےکوٸی زخمی نہیں ہوا۔
خیال رہے کہ سہیل آفریدی نے گنڈی چوک لکی مروت لانگ مارچ کا آغاز کیا اور اس موقع پر شرکا سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ ہم ایک سیاسی قوت اور سیاسی جماعت ہیں، ہم جی جناب والے نہیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ صوبے میں کوئی گورنر راج یا ایمرجنسی قبول نہیں ہے اور یہاں کوئی آپریشن نہیں ہوگا۔




