
ڈھاکہ(اے ون نیوز)پاکستان نے ایشیا کپ بلائنڈ ٹی 20 ٹورنامنٹ جیت لیا، ڈھاکہ میں مسلسل بارش کے باعث پاک بھارت فائنل میچ نہ ہوسکا تاہم ایونٹ قوانین کے تحت لیگ مرحلے میں ٹاپ پر رہنے پر پاکستان کو فاتح قرار دیا گیا۔
بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکا میں شیڈول ایشیا کپ بلائنڈ ٹی 20 کرکٹ ٹورنامنٹ کا فائنل مسلسل بارش کے باعث منسوخ ہوگیا، جس کے بعد میچ ریفری نے ٹورنامنٹ کے قواعد و ضوابط کے تحت پاکستان کو فاتح قرار دے دیا۔
ٹورنامنٹ کے ضوابط 7 نومبر کو تمام شریک ممالک کو بھجوا دیے گئے تھے، جن کے مطابق فائنل میچ بارش یا کسی دوسری وجہ سے مکمل نہ ہونے کی صورت میں پوائنٹس ٹیبل، نیٹ رن ریٹ اور ہیڈ ٹو ہیڈ ریکارڈ میں برتری کی بنیاد پر چیمپئن کا فیصلہ ہونا تھا۔
ان قواعد کے تحت لیگ مرحلے میں سرفہرست رہنے پر پاکستان کو ایشیا کپ کا نیا چیمپئن قرار دیا گیا۔ قومی ٹیم نے لیگ مرحلے میں اپنے تینوں میچز جیتے اور سری لنکا، بنگلہ دیش اور بھارت کو شکست دے کر ٹاپ پوزیشن حاصل کی تھی۔ پاکستان نے روایتی حریف بھارت کو بھی ایک وکٹ سے ہرایا تھا۔
پاکستان کو فاتح قرار دیے جانے کے فیصلے کے بعد بھارتی ٹیم نے اختتامی تقریب کا بائیکاٹ کیا اور اسٹیڈیم سے روانہ ہوگئی۔
دوسری جانب اختتامی تقریب میں مہمانِ خصوصی ڈائریکٹر بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ عبداللہ الفواد نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔
اس موقع پر پاکستان کے ہائی کمشنر عمران حیدر اور ڈائریکٹر رنگپور رائیڈرز شہزاد اکبر سبحان بھی موجود تھے۔




