
نیو یارک(اے ون نیوز)امریکن ایئرلائنز کی پرواز اے اے 3230 کے ٹیک آف کے فوراً بعد انجن میں آگ کی فوری اطلاع دے کر اسکائی ویسٹ کے پائلٹ نے خوفناک فضائی حادثہ بچا لیا۔
فلائٹ ڈیٹا کے مطابق ائیر بس A319 طیارہ امریکی ریاست ایریزونا کے فینکس اسکائی ہاربر ائیرپورٹ سے پورٹ لینڈ کیلئے روانہ ہوا تھا۔ ٹیک آف کے چند لمحوں بعد پیچھے اڑان بھرنے والی "اسکائی ویسٹ” کی پرواز کے پائلٹوں نے ائیر ٹریفک کنٹرول کو خبردار کیا کہ آگے امریکن ائیرلائنز کے طیارے کے انجن سے شعلے نکل رہے ہیں اور ممکنہ طور پر کوئی مائع بھی رس رہا ہے۔
اے ٹی سی نے فوری اطلاع دی تو 3230 کے پائلٹوں نے تصدیق کی کہ انہیں ہائیڈرولک سسٹم میں خرابی کا سامنا ہے۔ پائلٹوں نے فوری "مے ڈے” کی کال دی اور طیارہ تقریباً 20 منٹ فضا میں رہنے کے بعد بحفاظت واپس فینکس اتر گیا۔
لینڈنگ کے بعد رن وے پر موجود عملے نے طیارے کے بائیں انجن سے دھواں اٹھتا ہوا اور ایک ٹائر پنکچر دیکھا۔ طیارے کو معائنے کے لیے سروس سے ہٹا دیا گیا اور تمام مسافروں کو متبادل طیارے کے ذریعے پورٹ لینڈ روانہ کردیا گیا۔




