
واشنگٹن(اے ون نیوز) امریکا نے شمالی کوریا سے منسلک ہیکرز کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے ایک ارب 10 کروڑ ڈالر سے زائد مالیت کے چوری شدہ کرپٹو اثاثے منجمد کرا دیے۔
امریکی محکمہ خزانہ کے مطابق چوری شدہ ڈیجیٹل کرنسی کے سراغ کے لیے بلاک چین ریکارڈ کا استعمال کیا گیا، جبکہ کرپٹو کمپنی سرکل کے تعاون سے ایک ارب 10 کروڑ ڈالر سے زائد مالیت کے اثاثے منجمد کرائے گئے۔
امریکی حکام کے مطابق ہیکرز نے گزشتہ ماہ کرپٹو ایکسچینج بائنانس سے 6 ارب ڈالر سے زائد مالیت کی ڈیجیٹل کرنسی چوری کی تھی، چوری شدہ اثاثوں کو مختلف ذرائع سے منتقل کرنے کی کوشش کی گئی تاہم بلاک چین ریکارڈ کی مدد سے ان کا سراغ لگا لیا گیا۔
امریکی حکام کا کہنا ہے کہ اب تک مجموعی طور پر 2 ارب 90 کروڑ ڈالر مالیت کے چوری شدہ کرپٹو اثاثوں کو روکا یا واپس حاصل کیا جاچکا ہے۔
امریکی محکمہ انصاف نے منجمد کیے گئے کرپٹو اثاثوں کو مستقل طور پر ضبط کرنے کے لیے وفاقی عدالت سے رجوع کرلیا ہے۔




