کوئٹہ(اے ون نیوز) شاہراہ اقبال پر پولیس کی وین کے قریب دھماکے سے 4 افراد جاں بحق اور 15 افراد زخمی ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق شاہراہ اقبال پر پولیس کی گاڑی کے قریب ہونے والے دھماکے میں 4 افراد جاں بحق اور 15 افراد زخمی ہوئے، دھماکے میں کئی گاڑیوں، قریبی دکانوں اور گھروں کو بھی نقصان پہنچا ہے، امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔
تحقیقاتی ٹیموں سمیت پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی، ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔
پولیس حکام کے مطابق جاں بحق افراد میں دو پولیس اہلکار بھی شامل ہیں، دھماکے میں جاں بحق چاروں افراد کی لاشیں اور زخمیوں کو سول ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
ہسپتال ذرائع کے مطابق 4 جاں بحق افراد کی لاشیں اور 15 زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا گیا ہے، متاثرین کو شدید نوعیت کے زخم آئے ہیں، دھماکے میں جاں بحق افراد کی شناخت میثم عباسی ،محمد شعیب ،حکمت اللہ اور کلثوم کے ناموں سے ہوئی۔
وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو اور وزیراعلی ٰ سندھ مراد علی شاہ نے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔
وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے آئی جی پولیس سے رپورٹ طلب کرلی، انہوں نے کہا کہ مقدس مہینہ میں معصوم لوگوں کا خون بہانے والے انسان کہلانے کے لائق نہیں، ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر کے زخمیوں کو علاج و معالجہ کی بہترین سہولیات فراہم کی جائیں۔