اہم خبریںتازہ ترینٹیکنالوجی

مریم نواز،عمران خان، رونالڈو،امیتابھ بچن،شاہ رخ خان سمیت کئی بڑی شخصیات کے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے بلیو ٹک کیوں غائب ہو گیا؟

لاہور(اے ون نیوز)پاکستان کے سابق وزیر اعظم عمران خان، مریم نواز،معروف فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو اور بھارتی کرکٹر ویرات کوہلی سمیت کئی شخصیات کے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے بلیو ٹک غائب ہوگیا۔

ٹوئٹر پر بلیو ٹک کے ذریعے صارف کے اکاؤنٹ کی تصدیق کی جاتی تھی کہ یہ اکاؤنٹ جعلی نہیں بلکہ اصلی ہی ہیں تاہم اب یہ بلیو ٹک صارفین کے ویریفائیڈ اکاؤنٹس سے غائب ہونا شروع ہوگیا ہے۔پاکستان کے سابق وزیر اعظم عمران خان جن کے ٹوئٹر پر 19 ملین سے زیادہ فالوورز ہیں ان کے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے بھی بلیو ٹک غائب ہوگیا۔

اس کے علاوہ بالی وڈ کے شہنشاہ امیتابھ بچن جن کے ٹوئٹر فالوورز کی تعداد 48 ملین سے زیادہ ہے جبک بالی وڈ کنگ شاہ رخ خان جن کے ٹوئٹر پر 43 ملین سے زیادہ فالوورز ہیں وہ بھی ٹوئٹر کے ویریفائیڈ اکاؤنٹ سے محروم ہوگئے۔

یہی نہیں بلکہ قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی، موجودہ کپتان بابر اعظم، فاسٹ بولر شاہین آفریدی کے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے بھی بلیو ٹک غائب ہوگیا ہے۔

اس کے علاوہ پرتگال کے اسٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو بھارتی کرکٹر ویرات کوہلی سمیت اور بھی کئی ویریفائیڈ ٹوئٹر اکاؤنٹ سے بلیو ٹک ہٹا دیا گیا ہے۔

بلیو ٹک غائب ہونے کی وجہ کیا ہے؟
ویریفائیڈ ٹوئٹر اکاؤنٹس سے بلیو ٹک کسی جادو کی وجہ سے غائب نہیں ہورہا بلکہ یہ ٹوئٹر کے نئے مالک ایلون مسک کی ٹوئٹر کی سبسکرپشن سروس کے تحت ہٹائے جارہے ہیں۔

ایلون مسک نے اکتوبر 2022 میں ٹوئٹر کو خریدنے کے بعد مفت بلیو ٹک پروگرام کو کرپٹ قرار دیتے ہوئے اکاؤنٹ کو ویری فائیڈ کرانے کا عمل ماہانہ فیس سے مشروط کر دیا تھا۔

ایلون مسک نے نومبر 2022 کے شروع میں ٹوئٹر بلیو سروس کو متعارف کرایا تھا مگر سبسکرپشن پلان متعارف کرانے کے بعد معروف شخصیات اور اداروں کے ناموں کے جعلی مصدقہ اکاؤنٹس کی بھرمار ہوگئی تھی جس کے بعد اسے معطل کردیا گیا۔

ٹوئٹر کی جانب سے سبسکرپشن سروس ٹوئٹر بلیو کو دنیا بھر میں متعارف کرانے کے بعد گزشتہ ماہ اعلان کیا گیا تھا کہ یکم اپریل سے دنیا بھر سے صارفین کے اکاؤنٹس سے legacy بلیو ٹک کو ہٹانے کا سلسلہ شروع ہو جائے گا ، بلیو ٹک کو برقرار رکھنے کے لیے ٹوئٹر بلیو پر سائن اپ ہونا ہوگا۔اسی طرح کی پیشکش کمپنیوں یا اداروں کو بھی کی جائے گی۔

ٹوئٹر سبسکرپشن فیس کتنی ہے؟
پاکستان میں ٹوئٹر بلیو کی سبسکرپشن فیس ماہانہ 2250 روپے رکھی گئی ہے جبکہ دنیا کے دیگر ممالک میں یہ 8 سے 11 ڈالرز کے درمیان ہے۔

سبسکرپشن لینے کے بعد ٹوئٹر بلیو سروس کے صارفین کو بلیو چیک مارک کے ساتھ ساتھ طویل ویڈیوز، 4000 حروف کے ٹوئٹس اور ٹوئٹ کو ایڈٹ کرنے سمیت متعدد نئے فیچرز تک رسائی فراہم کی جائےگی۔

ٹوئٹر بلیو کے لیے چند شرائط کو پورا کرنا بھی ضروری ہے:

ڈسپلے نیم، پروفائل فوٹو اور فون نمبر، اکاؤنٹ کو بنائے 90 دن سے زیادہ عرصہ ہوچکا ہو، پروفائل فوٹو، نام یا یوزرنیم میں حالیہ دنوں میں تبدیلی نہ کی گئی ہو اور اکاؤنٹ ایکٹیو ہونا ضروری ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button