اہم خبریںپاکستانتازہ ترین

پاکستانی عوام اور فوج ایک ہیں اور ایک رہیں گے، جنرل سید عاصم منیر

ایبٹ آباد(اے ون نیوز) پاکستان کے 76 ویں یوم آزادی کے موقع پر پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں آزادی پریڈ کا انعقاد کیا گیا، کیڈٹس نے ڈرل پریڈ کی مہارت کا شاندار مظاہرہ کیا۔

چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر تقریب کے مہمان خصوصی تھے، آزادی پریڈ کے موقع پر پی ایم اے کے کیڈٹس نے مخصوص انداز میں ڈرل پریڈ کی مہارت کا شاندار مظاہرہ پیش کر کے سر زمین پاکستان اور مادر وطن کے شہدا کو خراج تحسین پیش کیا۔

آزادی پریڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستانی قوم کو 76 واں یوم آزادی مبارک ہو، بڑی قربانیوں کے بعد پاکستان حاصل ہوا ہے، پاکستان آزادی مسرت اور مساوات کا گہوارہ ہے، ہم اندرونی اور بیرونی دشمنوں سے آگاہ ہیں، دنیا کی کوئی طاقت پاکستان کو ختم نہیں کر سکتی۔

آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے مزید کہا ہے کہ قوم کو یقین دلاتے ہیں کہ افواج پاکستان کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گی، پاکستانی عوام اور فوج ایک ہیں اور ایک رہیں گے، پاکستان کے دشمنوں کے خلاف ہمیشہ لڑتے رہیں گے، پاکستان کو خوشحال اور مستحکم بنانا ہمارا مشن ہے، یہ پیغام دو قومی نظریے کی اساس اور برصغیر کے مسلمانوں کی منزل ہے۔

جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ خوف اور مایوسی پھیلانے والے کبھی کامیاب نہیں ہوں گے، ہماری ترقی آنے والی نسلوں کے بہتر مستقبل کی ضامن ہو گی، آج کا دن ہمیں کلمہ طیبہ کے پیغام کی روح کو سمجھنے پر زور دیتا ہے، ہم ایک کٹھن دور سے گزر رہے ہیں، پاکستان آرمی عوام کی فلاح و بہبود کیلئے پر عزم ہے، پاکستان بے شمار وسائل اور ان گنت نعمتوں کی سرزمین ہے۔

انہوں نے مزید کہا ہے کہ میں اپنی قوم کو امید کا پیغام دیتا ہوں، ملکی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے، ہم سب سے پہلے پاکستانی ہیں، پاکستان ہے تو ہم ہیں پاکستان نہیں تو ہم کچھ بھی نہیں، ہم 76 برس سے آزادی کا دن منانے کی روایت قائم رکھے ہوئے ہیں، تمام مذموم ہتھکنڈوں کے باوجود طاقت کشمیری عوام کے استقلال کو متزلزل نہیں کر سکتی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button