دبئی (اے ون نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین سابق وزیر اعظم عمران خان نے دبئی میں جس کاروباری شخصیت کو توشہ خانہ کے تحائف فروخت کیے وہ سامنے آگئی۔ نجی ٹی وی کے مطابق توشہ خانہ کے تحفے دبئی میں مقیم پاکستانی کاروباری شخصیت عمر فاروق ظہور نے 20 لاکھ ڈالرز میں خریدے تھے۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے عمر فاروق نے وہ تحائف بھی دکھائے جو انہوں نے توشہ خانہ سے خریدے تھے، انہوں نے وہ گھڑی بھی دکھائی جو سعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان نے انہیں تحفے میں دی تھی۔ انہوں نے کہا کہ یہ لمیٹڈ ایڈیشن ہے اور سعودی عرب کے شاہی خاندان نے صرف ایک ہی گھڑی تیار کروائی تھی جس میں خانہ کعبہ بھی بنا ہوا ہے۔
عمر فاروق ظہور کے مطابق انہیں شہزاد اکبر نے کال کرکے کہا کہ ان کے پاس بہت اچھا گھڑی کا سیٹ آیا ہے، ان سے فرح خان رابطہ کریں گے، ان کے پاس اس وقت کوئی خریدار نہیں ہے، انہیں ضرورت ہے تو اس سے ان کی مدد ہوجائے گی۔
عمر فاروق ظہور کا کہنا تھا کہ اس کے بعد فرح گوگی دبئی میں تحائف لے کر میرے پاس آئیں، انہوں نے کہا کہ انہیں پیسوں کی ضرورت ہے اور انہیں کیش چاہیے، وہ ان تحائف کے چار سے پانچ ملین ڈالر چاہتی تھیں لیکن مول تول کرکے دو ملین ڈالر طے ہوئے اور میں نے بینک سے رقم نکال کر انہیں دی۔عمر فاروق کے مطابق شہزاد اکبر نے گھڑی ، انگوٹھی اور دیگر تحائف بیچنے کیلئے ان کے ساتھ 2019 میں رابطہ کیا تھا۔