اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور سینیٹر اعظم سواتی کو پھر گرفتار کر لیا گیا۔
نمائندہ ہم نیوز کے مطابق پی ٹی آئی رہنما سینیٹر اعظم سواتی کو وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے ان کے گھر سے گرفتار کر لیا۔ اعظم سواتی کو اداروں کے خلاف متنازعہ ٹوئٹس کرنے پر گرفتار کیا گیا۔
ایف آئی اے ذرائع کے مطابق اعظم سواتی کے خلاف ایف آئی اے میں ایف آئی آر درج کی گئی تھی۔
پی ٹی آئی رہنما اسد عمر نے کہا کہ اعظم سواتی کی گرفتاری سے ظاہر ہوتا ہے وہ اصول کے لیے لڑ رہے ہیں۔ آپ اعظم سواتی کے الفاظ کے انتخاب اور خیالات سے اختلاف کر سکتے ہیں لیکن اس سے اختلاف نہیں کرسکتے جو کچھ بھی ہوتا ہے اسے قانون کے دائرے میں رہ کر کرنا چاہیے۔
پی ٹی آئی رہنما حسان خاور نے سینیٹر اعظم سواتی کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اعظم سواتی نے ملک میں قانون کی حکمرانی کی بات کی اور قانون کی حکمرانی کے بغیر ترقی نہیں ہو سکتی۔