
سیالکوٹ(اے ون نیوز)شہر میں گزشتہ رات شروع ہونے والی بارش نے تباہی مچادی ہے اور اب تک 355 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ مزید جاری رہنے کا امکان ہے۔
سیالکوٹ کے مرکزی علاقوں اور گردونواح کے تمام علاقوں میں پانی ہی پانی دیکھائی دے رہا ہے جہاں کوئی بھی ایسی سڑک، چوراہا، بازار،گلی یا محلہ ایسا نہیں جہاں 2 سے 3 فٹ پانی کھڑا نہ ہوا ہو۔
شہر میں معمولات زندگی مکمل طور پر مفلوج ہو کر رہ گئے ہیں اور گلی محلے بازار ندی نالوں کا منظر پیش کر رہے ہیں۔
فلڈ کنٹرول روم سیالکوٹ کے مطابق شہر میں 355 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے اور بارش کے باعث واپڈا کے بیشتر فیڈرز ٹرپ کر گئے ہیں اور اس کے باعث شہر کے بیشتر علاقے تاریکی میں ڈوب گئے ہیں۔
سیالکوٹ میں سیوریج کے ناقص سسٹم کی وجہ سے بارش اور سیوریج کا پانی شہریوں کے گھروں میں داخل ہوگیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹے کے دوران وقفے وقفے سے بارش جاری رہنے کا امکان ہے۔