
لاہور(اے ون نیوز)پی ڈی ایم اے پنجاب نے صوبہ بھر میں بارشوں کا الرٹ جاری کر دیا۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق آج رات سے 7 اکتوبر تک پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بارشوں کی پیشگوئی ہے، بالائی علاقوں میں بارشوں کے باعث پانی کے بہاؤ میں اضافے کا خدشہ ہے۔
پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، منڈی بہاالدین، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد اور وزیر آباد میں بارشوں کی پیشگوئی ہے جبکہ لاہور، قصور، شیخوپورہ، سیالکوٹ، نارووال، میانوالی، خوشاب، سرگودھا، جھنگ، ننکانہ اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں بھی بارشیں ہوں گی۔
ترجمان پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق 6 اکتوبر تک ڈیرہ غازی خان، بھکر، لیہ، ملتان، بہاولپور، بہاولنگر، راجن پور اور رحیم یار خان میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارشوں کی پیشگوئی ہے،مری، گلیات اور راولپنڈی میں بارشوں کے باعث ندی نالوں کے بہاؤ میں اضافے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق جمعرات 2 اکتوبرسے 7 اکتوبر تک خیبرپختونخوا کے زیادہ تر اضلاع میں بھی آندھی، گرج چمک کے ساتھ بارش اور بعض مقامات پر موسلادھار بارشوں کا امکان ہے،پشاور سمیت صوبہ کے بالائی ،وسطی اور جنوبی اضلاع کے برساتی نالوں اور دریاؤں میں پانی کے بہاؤ میں اضافے کا خدشہ ہے، بارشوں کے باعث ایبٹ آباد، بٹگرام، بونیر، بالائی و زیریں چترال، دیر، خیبر، کوہستان ، کولائی پالس، کرم، ملاکنڈ، مانسہرہ، مہمند، اورکزئی، شانگلہ، سوات، تورغر اور شمالی وزیرستان کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خدشہ ہے۔
پی ڈی ایم اے کی جانب سے بارشوں کے پیش نظر صوبہ کی تمام ضلعی انتظامیہ کو پیشگی اقدامات سے متعلق الرٹ رہنے کے لئے مراسلہ جاری کردیا گیا ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق بارشوں کے باعث ندی نالوں کے بہاؤ میں اضافے کا امکان ہے،صوبہ بھر کے کمشنرز اورڈپٹی کمشنرز کے ساتھ ساتھ لوکل گورنمنٹ، محکمہ زراعت، محکمہ آبپاشی، محکمہ صحت ،محکمہ جنگلات، لائیو سٹاک اور محکمہ ٹرانسپورٹ کو بھی الرٹ جاری کردیاگیاہے،عوام غیر ضروری سفر سے گریز کریں اورپی ڈی ایم اے کی ہدایات پر عمل کریں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہر قائد میں موسم گرم اور مرطوب شہرہے جبکہ آج بوندا باندی کا امکا ن ہے،شہرکاموجودہ درجہ حرارت 29 ڈگری ریکارڈکیاگیاہے، زیادہ سے زیادہ پارہ 36 ڈگری اورکم سے کم 27 ڈگری تک رہنے کا امکان ہے ۔
کراچی میں شمال مشرق کی سمت سے 11 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں ،ہوا میں نمی کا تناسب 70فیصد سے زائد ریکارڈکیاگیاہے۔