
میلان(اے ون نیوز)اٹلی میں فلسطینیوں سے اظہارِیکجہتی کیلئے 20 لاکھ افراد نے تاریخی مظاہرہ کیا، 100 سے زائد شہروں میں عام ہڑتال رہی۔
غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق فلسطینیوں سے اظہارِیکجہتی کیلئے اٹلی میں 20 لاکھ افراد سڑکوں پر نکل آئے، اٹلی کے 100 سے زائد شہروں میں عام ہڑتال کی گئی، تمام شعبے معطل رہے، سی جی آئی ایل یونین کے مطابق صرف روم میں 3 لاکھ افراد سڑکوں پر نکلے۔
اٹلی بھر میں ہڑتال کی اوسط شرکت 60 فیصد رہی، ٹرانسپورٹ اور اسکول بند رہے، فلورنس میں مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ اسرائیل کی ورلڈکپ کوالیفائر میں شرکت منسوخ کی جائے۔
میلان میں ایک لاکھ افراد نے احتجاج کیا، اس دوران پولیس سے جھڑپیں ہوئیں جبکہ اسموک بم کا استعمال بھی کیا گیا، ٹورین، بولونیا اور نیپلز میں بھی مظاہرین اور پولیس میں جھڑپیں ہوئیں۔
اٹلی کی حکومت پر اسرائیل کی کھلی حمایت ختم کرنے کا عوام کا دباؤ بڑھ گیا ہے، اس کے علاوہ اسپین اور پرتگال میں بھی آج بڑے احتجاج متوقع ہیں۔
میڈرڈ اور بارسلونا میں ہزاروں افراد سڑکوں پر آنے کی تیاری کررہے ہیں، اسرائیلی بحریہ کے امدادی جہاز روکنے کے بعد احتجاجی لہر یورپ بھر میں پھیل گئی ہے۔
اسپین کی عوام نے اسرائیلی ٹیموں پر بین الاقوامی پابندی کا مطالبہ کردیا ہے، پرتگال کے دارالحکومت لزبن میں بھی بڑے مظاہروں کی کال دی گئی ہے۔