
راولپنڈی (اے ون نیوز) پنڈی ٹیسٹ میں پاکستان کی بیٹنگ چلی نہ باؤلنگ، دوسرا میچ پروٹیز نے 8 وکٹوں سے اپنے نام کر لیا، 2 میچوں کی سیریز بھی 1-1 سے برابر ہوگئی۔
جنوبی افریقا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں پاکستانی ٹیم دوسری اننگز میں 138 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی اور پروٹیز کی جیت کیلئے 68 رنز کا ہدف ملا تھا جسے مہمان ٹیم نے 2 وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا۔
جنوبی افریقی کپتان ایڈن مارکرم 42 رنز بنا کر نعمان علی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے جبکہ ٹرسٹن سٹبس بھی بغیر کھاتہ کھولے ہی نعمان علی کا شکار بن کر پویلین لوٹ گئے جبکہ ریان ریکلٹن 25 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔
چوتھا روز
راولپنڈی میں کھیلے جا رہے سیریز کے دوسرے میچ کے چوتھے روز پاکستان نے اپنی دوسری نامکمل اننگز 4 وکٹوں کے نقصان پر 94 رنز سے آگے بڑھائی مگر کھیل کے آغاز پر پہلے ہی اوور میں پاکستان کو بابر اعظم کی صورت میں بڑا نقصان اٹھانا پڑا، انہوں نے کھیل کے چوتھے روز صرف ایک رن بنا کر اپنی نصف سنچری مکمل کی اور وہ 50 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے، بعدازاں محمد رضوان ایک بار پھر ذمہ داری نہ دکھا سکے اور محض 18 رن بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
محمد رضوان کے بعد نئے آنے والے بائیں ہاتھ کے بلے باز نعمان علی بھی زیادہ دیر کریز پر نہ ٹھہر سکے اور بغیر کھاتہ کھولے ہی چلتے بنے، بعدازاں فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی بھی بغیر کھاتہ کھولے ہی رن آؤٹ ہو گئے۔
سلمان علی آغا بھی 28 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، بعدازاں آف سپنر ساجد خان 13 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے جبکہ آصف آفریدی بغیر کوئی رن بنائے ناٹ آؤٹ رہے۔
جنوبی افریقا کی جانب سے سمن ہارمر نے 6 وکٹیں حاصل کیں جبکہ کیشو مہاراج نے 2 اور کگیسو ربادا نے ایک وکٹ اپنے نام کی۔
تیسرا روز
راولپنڈی ٹیسٹ کے تیسرے روز جنوبی افریقا نے اپنی پہلی نامکمل اننگز کا آغاز 185 رنز 4 کھلاڑی آؤٹ سے کیا لیکن آصف آفریدی نے بغیر کسی رن کے اضافے کے ڈیوالڈ بریوس کو پویلین بھیج دیا۔
اس کے بعد آصف آفریدی نے کائل ویرائن اور سیٹ بیٹر ٹریسٹن سٹبس کو بھی آؤٹ کر کے اپنے پہلے ہی ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں 5 شکار مکمل کیے، مارکو جینسن کو نعمان علی نے ایل بی ڈبلیو کیا۔
8 کھلاڑیوں کے جلد آؤٹ ہونے کے بعد سینورن میتھوسامی اور کیشو مہاراج نے شاندار بیٹنگ کی اور 71 رنز کی شراکت قائم کی جبکہ میتھو سامی نے ربادا کے ساتھ ملکر بھی قیمتی 98 رنز کا اضافہ کیا اور ٹیم کا سکور 404 رنز تک پہنچایا۔
کگیسو ربادا 4 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 71 رنز بنا کر آصف آفریدی کا چھٹا شکار بنے جبکہ میتھوسامی 89 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
جنوبی افریقا کی ٹیم کے ٹیل اینڈرز نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا، مہمان ٹیم نے آخری 3 وکٹوں پر 194 رنز کا اضافہ کیا اور پاکستان پر 71 رنز کی برتری حاصل کر لی۔
پاکستان کی جانب سے آصف آفریدی نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 6 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ 2 وکٹیں نعمان علی کے حصے میں آئیں اور ایک ایک کھلاڑی کو شاہین آفریدی اور ساجد خان نے آؤٹ کیا۔
آصف آفریدی پاکستان کی جانب سے ڈیبیو پر 5 وکٹیں حاصل کرنے والے دوسرے لیفٹ آرم سپنر بھی بن گئے ہیں۔
پاکستان کی جانب سے دوسری اننگز کا آغاز انتہائی مایوس کن ثابت ہوا، اوپنر بلے باز امام الحق 9 اور عبداللہ شفیق 6 رنز جبکہ کپتان شان مسعود بغیر کوئی رن بنائے چلتے بنے، سعود شکیل 11 رنزبناکر آؤٹ ہوئے تاہم بابر اعظم 49 اورمحمد رضوان 16 رنز کیساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
دوسرا روز
گزشتہ روز پاکستان نے کھیل کے دوسرے دن اپنی پہلی نامکمل اننگز کا آغاز 259 رنز 5 کھلاڑی آؤٹ سے کیا تو سعود شکیل 42 اور آغا سلمان 10 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے، دونوں کھلاڑیوں نے ٹیم کا سکور آگے بڑھایا اور سعود شکیل نے اپنی ففٹی مکمل کی۔
بعدازاں سلمان علی آغا کچھ دیر مزاحمت دکھانے کے بعد 45 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے جبکہ ان کے جانے کے بعد سعود شکیل بھی زیادہ دیر کریز پر نہ ٹھہر سکے اور 66 رنز بنا کر کیشو مہاراج کا شکار ہو گئے۔
شاہین آفریدی، ساجد خان اور آصف آفریدی بھی خاطر خواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکے اور تینوں کو کیشو مہاراج نے اپنا شکار بنایا جبکہ نعمان علی 6 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
جنوبی افریقا کی جانب سے کیشو مہاراج نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 7 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ 2 وکٹیں سائمن ہارمر اور ایک وکٹ کگیسو ربادا کے حصے میں آئی۔
جنوبی افریقی سپنر کیشو مہاراج نے پاکستان بیٹرز کو گھما دیا اور ان کی ایک نہ چلنے دی، انہوں نے 7 شکار کرکے پاکستان ٹیم کو بڑا سکور بنانے سے روک دیا، پاکستان ٹیم اپنے گزشتہ روز کے سکور میں صرف 74 رنز کا ہی اضافہ کر سکی۔
واضح رہے کہ لیفٹ آرم آف سپنر کیشو مہاراج پاکستان کے خلاف 7 وکٹیں حاصل کرنے والے دوسرے جنوبی افریقی باؤلر بن گئے ہیں۔
قومی ٹیم کے پہلی اننگز میں آؤٹ ہونے کے بعد جنوبی افریقا کی جانب سے پہلی اننگز کا آغاز کپتان ایڈن مارکرم اور ریان ریکلٹن نے کیا تاہم ریاک ریکلٹن 22 کے مجموعی سکور پر 14 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔
بعدازاں کپتان ایڈن مارکرم 32 رنز بناکر چلتے بنے، ٹونی ڈی زورزی نے 54 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ ڈیوالڈ بریوس بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔
پہلا روز
قبل ازیں پہلے روز راولپنڈی میں کھیلے جانے والے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا، گرین شرٹس کی جانب سے عبداللہ شفیق اور امام الحق نے اننگز کا آغاز کیا جو زیادہ اچھا نہ رہا اور 35 کے مجموعی سکور پر پاکستان کی پہلی وکٹ گر گئی، اوپنر امام الحق 17 رنز بنا کر آف سپنر ہارمر کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے۔
امام الحق کے بعد کپتان شان مسعود اور اوپنر عبداللہ شفیق نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کی اور ٹیم کا سکور آگے بڑھایا، اس دوران دونوں نے اپنی نصف سنچریاں بھی مکمل کیں، بعدازاں عبداللہ شفیق 57 رنز بنا کر ہارمر کی گیند پر وکٹ گنوا بیٹھے۔
چوتھے نمبر پر آنے والے بابر اعظم پھر بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے اور جنوبی افریقا کا ری ویو ضائع ہونے کے بعد مہاراج کی اگلی ہی گیند پر سلی مڈ آف پر کھڑے ٹونی ڈی زورزی نے شاندار کیچ لے کر انہیں پویلین کی راہ دکھا دی، وہ صرف 16 رنز سکور کر سکے۔
پاکستان کی پانچویں وکٹ 246 کے مجموعی سکو پر گری جب محمد رضوان 19 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے بعدازاں کپتان شان مسعود ایک بار پھر سنچری مکمل نہ کر سکے اور 87 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر آؤٹ ہو گئے۔
جنوبی افریقا کی جانب سے کیشو مہاراج اور سمن ہارمر نے 2،2 جبکہ کگیسو ربادا نے ایک وکٹ حاصل کی۔
قبل ازیں ٹاس کے موقع پر قومی کپتان شان مسعود نے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پچ تھوڑی سی خشک لگ رہی ہے لیکن ہمیں معلوم نہیں کہ یہ کیسے کھیلے گی اور ہم نے یہاں کافی عرصے سے نہیں کھیلا، اس لیے بہتر ہے کہ پہلے بیٹنگ کریں۔
مہمان ٹیم کے کپتان ایڈن مارکرم کا کہنا تھا کہ ہم نے لاہور ٹیسٹ کی پہلی اننگز سے کافی سبق سیکھا ہے، دوسرے میچ میں ویان ملڈر اور سبرین کی جگہ مارکو جینسن اور کیشو مہاراج کو شامل کیا گیا ہے۔
پاکستانی سکواڈ
پاکستان کی جانب سے ٹیم میں ایک کھلاڑی کی تبدیلی کی گئی ہے، فاسٹ باؤلر حسن علی کی جگہ آصف آفریدی کو ٹیم میں شامل کیا گیا جن کا اس میچ میں ڈیبیو ہوا ہے، شاہین آفریدی نے آصف آفریدی کو ٹیسٹ کیپ دی، آصف آفریدی نے 39 سال 299 دن کی عمر میں ٹیسٹ ڈیبیو کیا۔
ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں میں کپتان شان مسعود، امام الحق، عبداللہ شفیق، بابر اعظم، سعود شکیل، محمد رضوان، سلمان علی آغا، شاہین شاہ آفریدی، نعمان علی، ساجد خان اور آصف آفریدی شامل ہیں۔
جنوبی افریقی ٹیم
جنوبی افریقی ٹیم کپتان ایڈن مارکرم، ریان ریکلٹن، ٹرسٹن سٹبس، ٹونی ڈی زورزی، ڈیوالڈ بریوس، کائل ویرائن، سمن ہارمر، مارکو جینسن، میتھو سامی، کیشو مہاراج اور کگیسو ربادا پر مشتمل ہے۔
پاکستان ٹیم مہمانوں کو کلین سویپ کرنے کیلئے پرعزم ہے، گرین شرٹس نے لاہور میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں پروٹیز کو 93 رنز سے شکست دیکر سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر رکھی ہے۔