
اسلام آباد(اے ون نیوز) پاکستانی پاسپورٹ حاصل کرنے والے شہریوں کو اب کس نئی چیز سے واسطہ پڑے گا اور انھیں کتنی فیس ادا کرنا ہوگی تفصیلات سامنے آگئیں۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ امیگریشن اینڈ پاسپورٹس کی جانب سے نئے پاسپورٹ سے متعلق وضاحت سامنے آئی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ نئے پاسپورٹس میں اب والد کے ساتھ والدہ کا نام بھی درج ہوگا،نئے پاسپورٹس میں جدید سیکیورٹی فیچرز کو شامل کیا گیا ہے۔
محکمہ پاسپورٹس نے بتایا کہ ویزہ پیجز میں صوبوں کی تاریخی عمارتوں کو بھی پرنٹ کیا جائے گا، نئے پاسپورٹس سے متعلق وزارت داخلہ نے منظوری دی ہے،بک لیٹس کی چھپائی پاکستان سیکیورٹی پرنٹنگ کوآپریشن میں جاری ہے، فیچرز میں تبدیلیاں جدت اور ہم آہنگی کے اصولوں کےتحت کی جارہی ہیں۔
محکمہ پاسپورٹس کا نئے پاسپورٹ کے حوالے سے مزید کہنا تھا کہ فیچرز کے علاوہ پاسپورٹ میں کسی بھی قسم کی تبدیلی نہیں کی جا رہی۔ خیال رہے کہ حکومت پاکستان گرین پاسپورٹ کو پہلے سے زیادہ جاذب نظر بنانے کا فیصلہ کیا ہے تاہم اس کی فیسوں میں فی الحال تبدیلی نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
فیس کے موجودہ شیڈول کے تحت شہریوں کو 36 صفحات پر مشتمل 5 سالہ پاسپورٹ کے لیے 4,500 روپے اور دس سالہ مددت کے حامل پاسپورٹ کے لیے 6,700 روپے ادا کرنا ہونگے۔ ارجنٹ پاسپورٹ بنوانے والوں کو پانچ اور دس سالہ مدت کےلیے بالترتیب 7,500 اور 11,200 روپے کی فیس ادا کرنا ہوگی۔