اہم خبریںپاکستانتازہ ترین

پاکستان اور ترکیہ کے درمیان 24 معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط

اسلام آباد(اے ون نیوز) پاکستان اور ترکیہ میں معاہدوں اور تعاون کی مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کر دیئے گئے۔

مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کی تقریب اسلام آباد میں منعقد ہوئی جس میں وزیراعظم شہباز شریف اور ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان، دونوں ممالک کے وزرائے تجارت اور متعلقہ افسران سمیت اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

تقریب میں دونوں ممالک کے درمیان 24 معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کر دیئے گئے، دستخط وزیراعظم شہباز شریف اور ترک صدر نے کئے جس کے بعد دستاویزات کا تبادلہ بھی کیا گیا، اس کے بعد ہر وزارت کے پاکستانی اور ترک وزیر وزراء نے معاہدے اور ایم او یوز کی دستاویزات کے تبادلے کئے۔

معاہدوں میں سٹریٹجک تعلقات کو مزید مستحکم کرنے، سماجی و ثقافتی بنیادوں پر ملٹری اور سول پرسنل کے تبادلے، ایئرفورس الیکٹرانک وارفیئر اور ملٹری ہیلتھ کے شعبے میں تربیت و تعاون کے معاہدے شامل ہیں، اس کے علاوہ، ہائیڈروکاربنز، کان کنی، توانائی کے شعبے میں تعاون، تجارتی سرٹیفکیٹ کی تصدیق کی ڈیجیٹائزیشن، زرعی بیجوں، پانی کے شعبے اور صنعتی پراپرٹی کے حوالے سے بھی معاہدوں پر دستخط کئے گئے۔

مزید برآں ایکسپورٹ کریڈٹ بینک ترکیہ اور ایکسپورٹ امپورٹ بینک پاکستان کے درمیان معاہدہ، حلال ایکریڈیٹیشن اتھارٹی کے تحت تعاون، صحت اور فارماسیوٹیکل کے شعبے میں تکنیکی معاونت سمیت دیگر اہم معاہدے بھی طے پائے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ترک صدر طیب رجب اردوان کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہتا ہوں، امید ہے کہ آپ کا دورہ پاکستان بہت مفید ثابت ہوگا، پاکستان اور ترکیہ کے درمیان برادرانہ تعلقات قائم ہیں، دونوں قوموں کے تعلقات صدیوں پر محیط ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان آپ کا دوسرا گھر ہے، پاکستان اورترکیہ کے درمیان غیرمعمولی تعلقات ہیں، ترکیہ ہر مشکل وقت میں پاکستان کے ساتھ کھڑا رہا، ترک صدر نے مشکل گھڑی میں پاکستان کے سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ اور تعاون سے پاکستانی عوام کے دل جیت لئے، سیلاب کے دوران صدر رجب طیب اردوان نے پاکستان کی فراخدلی سے امداد کی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے مابین پائیدار شراکت داری کو مزید فروغ مل رہا ہے، دونوں ممالک کے مابین برادرانہ تعلقات نئی بلندیوں کو چھو رہے ہیں۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ غزہ پر ہمارا مؤقف بڑا واضح ہے، ترکیہ نے مسئلہ کشمیر پر ہمیشہ پاکستان کے مؤقف کی حمایت کی، پاکستان قبرص کے معاملے پر ہمیشہ ترکیہ کے مؤقف کی حمایت کرتا رہے گا۔

وزیراعظم نے کہا پاکستانی سکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خلاف نبردآزما ہیں، دہشتگرد مذموم عزائم کیلئے افغان سرزمین استعمال کر رہے ہیں، جواب میں پاکستان سیکیورٹی فورسز ان سے نبرد آزما ہیں۔

اپنے خطاب کے آخر میں وزیراعظم شہباز شریف نے ترک زبان میں مہمان صدر رجب طیب اردوان کا شکریہ ادا کیا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button