
شانگلہ(اے ون نیوز)ضلع شانگلہ کی تحصیل پورن کے گاوں چرگے گٹ سے تعلق رکھنے والے نوجوان نیاز علی کرکٹ میچ کے دوران اچانک تیز رفتار گیند لگنے سے جان بحق۔
نیاز علی کی ناگہانی اور افسوسناک موت نے پورے علاقے کو غم میں مبتلا کر دیا۔ یہ دلخراش واقعہ اس وقت پیش آیا جب نیاز علی مقامی سطح پر منعقد ہونے والے ایک کرکٹ میچ میں بطور کھلاڑی شریک تھا۔ میچ کے دوران اچانک تیز رفتار گیند نیاز علی کے جسم پر جا لگی، جس کے نتیجے میں وہ فوراً زمین پر گر پڑا اور بے ہوش ہو گیا۔
عینی شاہدین کے مطابق گیند لگنے کے فوراً بعد میدان میں موجود کھلاڑیوں، منتظمین اور تماشائیوں میں شدید تشویش پھیل گئی۔ ساتھی کھلاڑیوں نے فوری طور پر میچ روک کر نیاز علی کو ابتدائی طبی امداد دینے کی کوشش کی جبکہ بعض افراد نے قریبی طبی مرکز پہنچانے کا بھی بندوبست کیا۔ تاہم شدید چوٹ اور حالت بگڑنے کے باعث وہ جانبر نہ ہو سکا اور خالق حقیقی سے جا ملا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی نہ صرف کھیل کے میدان بلکہ پورے علاقے میں کہرام مچ گیا۔نیاز علی کو علاقے میں ایک خوش اخلاق، محنتی اور کھیلوں سے گہری دلچسپی رکھنے والے نوجوان کے طور پر جانا جاتا تھا۔ کرکٹ سے اس کی محبت کسی سے ڈھکی چھپی نہ تھی اور وہ اکثر مقامی ٹورنامنٹس اور دوستانہ میچوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتا تھا۔
دوست احباب کا کہنا ہےں کہ نیاز علی نہایت باادب، ملنسار اور مددگار انسان تھا جس کی اچانک جدائی ایک ناقابل تلافی نقصان ہے۔بعد ازاں ضروری قانونی اور طبی کارروائی مکمل کرنے کے بعد مرحوم کی میت کو اس کے آبائی گاوں چرگے گٹ منتقل کیا گیا جہاں نماز جنازہ ادا کرنے کے بعد تدفین کی گی۔
علاقے بھر سے سیاسی، سماجی اور مذہبی شخصیات نے بھی اس سانحے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔




