
کراچی (اے ون نیوز) صوبہ صندھ کے دارالحکومت کراچی کے گل پلازہ میں پیش آنے والے آتشزدگی کے واقعے میں سرچ آپریشن کے دوران ایک دکان سے 30 لاشیں برآمد ہوئی ہیں جس کے ساتھ ہی واقعے میں اب تک ہونے والی اموات کی تعداد 61 ہوگئی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق میزنائن فلور پر دکانداروں کی جانب سے لوگوں کی موجودگی کی نشاندہی کی گئی تھی، اب اس حوالے سے ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا نے بتایا ہے کہ گل پلازہ کے میزنائن فلور سے 30 افراد کی لاشیں ملی ہیں.
لوگوں نے خود کو آگ سے بچانے کیلئے دکان میں بند کرلیا تھا، ان لوگوں کی آخری موبائل لوکیشن بھی اسی جگہ کی آئی تھی جہاں کیے جانے والے سرچ آپریشن کے دوران ان افراد کی لاشیں برآمد کرلی گئیں جنہیں ایمبولینس کے ذریعے ہسپتال منتقل کیا جائے گا۔
بتایا جارہا ہے کہ گل پلازہ کی ایک دکان سے بڑی تعداد میں انسانی اعضاء ملنے کا بھی انکشاف ہوا ہے، ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ سرچ آپریشن کے دوران عمارت کی ایک دکان کے ملبے سے انسانی اعضا برآمد ہوئے، واقعے کے وقت دکان نمبر 144 میں خواتین سمیت 17 افراد کی موجودگی کا امکان ہے، دکان کے ملبے سے 10 افراد کی باقیات مل گئیں جب کہ مزید افراد کے ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ ہے۔
اطلاعات ہیں کہ آگ سے تباہ حال گل پلازہ سے جو ملبہ ہٹایا جارہا اس میں ناصرف لوگوں کا بچا کچھا سامان بھی ہے بلکہ اس کے ساتھ جل جانے والوں کے انسانی اعضاء بھی ہیں، اس سارے ملبے کو ڈمپرز کے ذریعے محفوظ مقام پر پہنچایا جارہا رہا ہے جہاں پولیس کا پہرہ ہے جب کہ یہاں سے گزشتہ روز ملبے کے نام پر سامان لے جانے والے 2 ڈمپرز غائب ہیں جو مقرر کردہ جگہ پر نہیں پہنچے۔




