باجوڑ، چیک پوسٹ پر فتنہ الخوارج کا حملہ ناکام ، 12 دہشتگرد ہلاک، 11 جوان شہید

باجوڑ (اے ون نیوز) باجوڑ میں مشترکہ چیک پوسٹ پر دہشت گردوں نے حملے کی ناکام کوشش کی جس کے نتیجے میں 11 جوان شہید ہو گئے، سیکیورٹی فورسز کی بروقت جوابی کارروائی میں 12 دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ باجوڑ میں مشترکہ چیک پوسٹ پر دہشت گرد حملے کی کوشش ناکام کر دی گئی۔ سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے 12 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
حملہ آوروں نے بارود سے بھری گاڑی چیک پوسٹ کی بیرونی دیوار سے ٹکرا دی، دھماکے سے چیک پوسٹ کا ڈھانچہ منہدم ہو گیا، اس افسوسناک واقعہ میں 11 بہادر فوجی بھی شہید ہو گئے۔
آئی ایس پی آر کا مزید کہنا ہے کہ دھماکے سے قریبی عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا، ایک بچی شہید ہو گئی جبکہ خواتین اور بچوں سمیت 7 افراد زخمی ہو گئے۔ علاقے میں خوارج کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔




